بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار عرفان خان ممبئی میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 53 سالہ عرفان خان آنت کے انفیکشن کے باعث ممبئی کے کوکیلابین دھیروبھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
عرفان خان کئی ماہ سے کینسر کے خلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اور چند ماہ قبل لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس ممبئی آئے تھے۔
گزشتہ روز اداکار عرفان خان کے ایک ترجمان کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی تھی ان کی طبعیت بگڑنے پر انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا۔
My dear friend Irfaan. You fought and fought and fought. I will always be proud of you.. we shall meet again.. condolences to Sutapa and Babil.. you too fought, Sutapa you gave everything possible in this fight. Peace and Om shanti. Irfaan Khan salute.
— Shoojit Sircar (@ShoojitSircar) April 29, 2020
عرفان خان کو مارچ 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وہ کینسر کے علاج کے لیے لندن منتقل ہوگئے تھے۔
بعد ازاں وہ فروری 2019 میں اپنی فلم ‘انگریزی میڈیم’ کی شوٹنگ کے لیے واپس بھارت آئےتھے اور شوٹنگ ختم ہونےکے بعد واپس لندن چلے گئے تھے۔
عرفان خان لندن میں کینسر کے علاج اور سرجری ہونے کے بعد ستمبر 2019 میں بھارت آئے تھے۔
اداکار عرفان خان نے ہندی میڈیم، انگریزی میڈیم، لنچ باکس، پیکو سمیت متعدد فلموں میں کام کیا ہے۔
عرفان خان کے انتقال پر بھارتی شوبز شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور بھارتی اداکار امیتابھ بچن کاکہنا ہےکہ عرفان خان کےانتقال کی خبر افسردہ اور پریشان کن ہے، ان کے جانے سے انڈسٹری میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔