بلوچستان: کورونا وائرس کی تدارک کے لئے لاک ڈاون میں 5 مئی تک توسیع

203

  بلوچستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کر دی گئی۔

بلوچستان حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں 5 مئی تک توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن میں توسیع آج دوپہر 12 بجے سے 5 مئی کی دوپہر 12 بجے تک کی گئی ہے،جس کے دوران جاری پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں شہر، بین الاضلاعی، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی رہے گی، صوبے میں عوامی مقامات پر 10 یا 10 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی برقرار ہے۔

نجی اور سرکاری مقامات پر ہر قسم کے اجتماعات پربھی پابندی برقرار ہے، 3 فٹ سے زائد فاصلہ برقرار رکھنے پر بھی سختی سے عمل درآمد ہوگا۔

خاتون یا معمر افراد کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی رہے گی، کار میں 2 افراد سے زائد کی سواری پر بھی پابندی برقرار رہے گی، بیمار شخص کی صورت میں کار میں تیسرے شخص کی سواری کی اجازت ہو گی۔

تمام تعلیمی ادارے، کوچنگ سینٹرز اور مدارس 31مئی تک بند رہیں گے، شاپنگ مالز، سنیما، فارم ہاؤسز، پکنک پوائنٹس، شادی ہال، لان، جمز، کلب بند رہیں گے۔

کھیلوں کےمیدان، تربیتی مراکز، ہوٹلز، بیوٹی پارلرز، شو رومز، لگژری سامان کے اسٹور بھی بند رہیں گے، درباروں، درگاہوں سمیت تمام مقامات پر اجتماعات پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔

بلوچستان میں شادی کی تقریبات، ولیمہ، بارات اور مہندی پر بھی پابندی برقرار رہے گی، محکمہ نظم و نسق کی جانب سے اعلان کردہ تمام نجی اور سرکاری دفاتر بھی بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صحت، خوراک اور فوڈ پیکنگ کے شعبے سے متعلقہ افراد پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ بینکوں کو صرف لازمی عملے کے ساتھ محدود عوامی لین دین کے لیے استثنیٰ دیاگیاہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مچھلی، پھل، سبزی، کریانہ اور ڈیری شاپس کے لیے لاک ڈاؤن میں استثنیٰ برقرار ہے جبکہ پٹرول پمپس، آٹو ورکشاپس، ٹائر پنکچر کی دکانوں کو بھی استثنیٰ دیا گیا ہے۔

پالتو جانوروں کی دکانیں دوپہر 12 بجے سے 2 بجے دوپہر تک 2 گھنٹے کے لیے کھلی رہیں گی، متعلقہ اشیاء کی پابندی سے مستثنیٰ گڈز ٹرانسپورٹ اور اشیاء کی ترسیل بھی مستثنیٰ قرار دی گئی ہے۔

کاشتکاری، زراعت اور اس سےمتعلقہ سرگرمیوں کو بھی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا، ہوٹلوں اور ریستوران کی سروسز کھانے کے پارسل اور ہوم ڈیلیوری تک محدود رہیں گی۔

خوراک اور میڈیکل کے شعبے سے متعلقہ سامان کی ٹرانسپورٹ بھی پابندی سے مستثنیٰ ہو گی، پبلک اور پرائیویٹ ٹیلی کام، کال سینٹرز اور سپورٹ سروسز کا شعبہ بھی لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

ریت، سیمنٹ، کرش، اسٹیل، اینٹوں اور پی وی سی پائپ کی دکانیں اور گودام بھی پابندی سے مستثنیٰ ہیں، صرف کھجور فروخت کرنے والی دکانوں کے لیے بھی لاک ڈاؤن سے استثنیٰ برقرار ہے۔

ریلوے کی مال بردار اور لازمی سروسز کا عملہ بھی پابندی سے مستثنیٰ ہو گا، میڈیا ہاؤسز کی جانب سے اہل میڈیا کے کارکنوں اور اخبارات کے ہاکرز کے لیے بھی لاک ڈاؤن میں استثنیٰ برقرار ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے افراد کو قومی شناختی یا متعلقہ ادارے کا کارڈ اپنے ساتھ لازمی رکھنا ہو گا۔