بلوچستان میں کورونا وائرس آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے – جام کمال

111

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا بلوچستان میں کورونا وائرس مقامی سطح پر آہستہ آہستہ بڑھ رہا ہے۔

 کوئٹہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا  ٹیسٹنگ سے پتہ چلے گا کہ کیسز کتنے زیادہ ہورہے ہیں، ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ ہورہا ہے تو ہم ٹیسٹنگ کا عمل بڑھارہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم نے مقامی سطح پر ٹیسٹنگ کے لیے میکنزم بنالیا ہے، رینڈم ٹیسٹنگ سے پتہ چلا ہےکہ مقامی سطح پر کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رینڈم ٹیسٹنگ کے دوران کوئٹہ میں 35 کے قریب کورونا کے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا  ہمارے ماحول کے پیش نظر سماجی دوری اختیار کرنا بہت مشکل ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انسان کچھ نہ بھی کھائے تو وہ ایک مہینہ زندہ رہ سکتا ہے، ہمیں اس دن سے گھبراناچاہئے کہ جب کورونا کی وجہ سے اسپتالوں میں رش ہوگا۔

جام کمال نے کہا کہ آنےوالے دنوں میں کوروناوائرس کا خطرہ بہت بڑھ سکتاہے، اگر کورونا کے کیسز ہزاروں میں چلے گئے تو اسے سنبھالنا بہت مشکل ہوجائے گا۔

وزیراعلی بلوچستان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے ایک اہم افسر کے والد کا گذشتہ روز کورونا سے انتقال ہوا اور ایک سابق صوبائی وزیر بھی کوروناوائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔