افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ قیدیوں کی رہائی سے قبل طالبان وفد اپنے قیدیوں کی تصدیق کرے گا، کابل انتظامیہ جن کو رہا کر رہی ہے وہ پیشہ ور مجرم ہیں مقید طالبان نہیں ہے۔
طالبان قیدیوں کی تصدیق کیلئے 34 افراد پر مشتمل گرینڈ جرگہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ترجمان طالبان سہیل شاہین نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ کابل انتظامیہ جن 1500 قیدیوں کو رہا کر رہی ہے وہ جرائم پیشہ افراد ہیں اورجو فہرست انہوں نے کابل انتظامیہ کو دی تھی یہ وہ قیدی نہیں ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ طالبان نے 34 افراد پر مشتمل گرینڈ وفد تشکیل دیا ہے جس میں افغانستان کے تمام صوبوں سے ایک ایک نمائندہ لیا گیا ہے۔
طالبان ترجمان نے بتایا کہ وفد کابل انتظامیہ کی جانب سے رہا کیے جانے والے تمام قیدیوں کی تصدیق کرے گا جس کے بعد مزید پیش رفت ہوگی۔
قبل ازیں افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا تھا کہ صرف ہزاریا ڈیڑھ ہزار قیدیوں کی رہائی قابل قبول نہیں اور 5 ہزار قیدیوں کی رہائی کے بعد ہی بین الافغان مذاکرات ممکن ہوں گے۔