پاکستان: مزید 50 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

196

سندھ میں ایران سے تفتان بارڈر کے ذریعے سکھر آنے والے 50 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہوگئی۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مزید افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آگئے ہیں جن کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے 2 افراد اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ بقیہ افراد کو جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی انہیں آئیسولیشن (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ 76 کیسز میں سے 25 کا تعلق کراچی، ایک حیدرآباد سے ہے جبکہ 50 کیسز تفتان بارڈر سے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے تفتان اور کوئٹہ میں ایران سے آنے والے زائرین کے لیے خیمہ بستی قائم کردی گئی جس پر سیاسی و سماجی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان حکومت کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔