میر شکیل الرحمن کی گرفتاری آزادی صحافت پہ حملہ ہے – جان بلیدی

612
فائل فوٹو

نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میرجان محمد بلیدی نے جنگ اورجیوگروپ کے چیف ایگزیکٹو میرشکیل الرحمن کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا،یہ حکومت کی جانب سے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک بڑی انتقامی کارروائی ہے، عمران خان اقتدار میں آنے سے پہلے ہی جنگ ،جیواورمیرشکیل الرحمان کے خلاف مخاصمانہ رویہ رکھتے تھے اوران کے لئے ہتک آمیز الفاظ استعمال کرتے تھے اوراب بھی حکومت کواس بات کی سخت تکلیف ہے کہ جنگ اورجیو گروپ حکومت ناقص اورعوام دشمن پالیسیوں پرتنقید کیوں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا34سال پرانے زمین کی خریداری کے معاملے پرمیرشکیل الرحمن نیب سے ہرطرح کا تعاون کررہے تھے اس کے باوجود ان کوڈرامائی طریقے سے گرفتار کرکے صحافیوں کویہ وارننگ دی گئی ہے کہ وہ حکومت کی ناقص پالیسیوں پر تنقید سے بازرہیں۔

جان محمد بلیدی نے کہا34سال پرانے معاملے میں میرشکیل الرحمن کی گرفتاری آزادی صحافت پربڑا حملہ ہے جس کی نیشنل پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اوراس کی ہرسطح پر مزاحمت کی جائے گی۔

انہوں کہا دوران تفتیش اس طرح کی گرفتاری لاہورہائی کورٹ کے حکم کی بھی منافی ہے جبکہ ملک کی اعلیٰ عدالتیں نیب کے اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کے بارے میں اپنے تحفظات کااظہار کرچکی ہے ۔

جان محمدبلیدی نے اعلیٰ عدالتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نیب کوسیاسی انتقام کے لئے استعمال ہونے کے خلاف از خود کارروائی کریں ۔

انہوں نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماؤں  کی بلوچستان میں داخلے پرپابندی کوخلاف آئین قرار دیتے ہوئے وفاقی اورصوبائی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ آئین اور قانون کے منافی اقدامات سے گریز کریں اور بنیادی انسانی حقوق کے خلاف اس غیرآئینی پابندی کوفی الفورختم کریں۔