منشیات کے خلاف منظم جدوجہد کی ضرورت ہے – لشکری رئیسانی

264

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بدانتظامی اور ناہل لوگ منشیات فروشی کو روک نہیں سکتے، منشیات سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے ایک منظم جدوجہد کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز لک پاس کے مقام پر منشیات کیخلاف سائیکل مارچ کرنے والے گل خان لہڑی کا استقبال کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو اس وقت آبادی میں اضافے، بے روزگاری، ناخواندگی، معاشی بدحالی، بدانتظامی جیسے بڑے چیلنجز اور بحرانوں کا سامنا ہے ملک کی نصف آباد منشیات کی لت میں مبتلا ہے، پولیو، ایڈیز، ہپاٹائٹس اور کینسر جیسے موزی امراض کا شکار ہیں ایسے میں گل خان لہڑی نے کراچی سے کوئٹہ تک سائیکل مارچ کرکے ملک کو منشیات کیخلاف ایک منظم جدوجہد کرنے کا پیغام دیا ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے کوئٹہ تک مارچ ایک بہت بڑی پیش رفت ہے ہمیں گل خا ن لہڑی کی آواز میں اپنی آواز ملانی چاہیے اگر ریاست نے منشیات کے تدارک کیلئے کوئی قدم اٹھایا تو یہ ہماری سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد ہمارے ہمارے سماج پر ایک بہت بڑا بوجھ ہیں جو کام نہیں کرتے انہیں چاہیے کہ وہ اس لت سے چھٹکارہ حاصل کرکے سماج کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں بدانتظامی اورغلط کام کو روکنے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روکھا جاتا ہے۔ نوجوان منشیات کیخلاف جدوجہد اور پولیو کے ورکر سماج کو بچھانے کیلئے اپنی جان دے رہے ہیں مگر آج تک کوئی قاتل پکڑا نہیں گیا۔ بدانتظامی اور نااہل لوگ منشیات کو روک نہیں سکتے جو آواز اٹھاتے ہیں انہیں قتل کیا جاتا ہے اور قاتل بھی پکڑے نہیں جاتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں منظم اور طاقت ور آواز اٹھاتے ہوئے اپنے سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے۔