مغربی بلوچستان: مسلح افراد کے حملوں میں 2 افراد قتل

550

مغربی بلوچستان میں مسلح افراد کے دو مختلف حملوں میں مشرقی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو قتل کردیا گیا۔

پہلا واقعہ چابہار شہر میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے ایک دکان میں گھس کر رحمدل ولد عبداللہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

رحمدل ولد عبداللہ کا تعلق مشرقی بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے سامی سے ہے جبکہ وہ گذشتہ تین سالوں سے مغربی بلوچستان میں مقیم تھے جہاں ایک دکان میں کام کرتے تھے۔

دوسرا واقعہ مغربی بلوچستان کے شہر سراوان میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک اور بلوچ پناہ گزین کو قتل کردیا۔

مقتول کی شناخت ماسٹر علی کے نام سے ہوئی جن کا تعلق مشرقی بلوچستان کے علاقے مشکے نوکجو سے ہے۔

دونوں افراد کو قتل کرنے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں تاہم ماضی میں مشرقی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو اسی طرح نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔