بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 22 کیسز کی تصدیق

301

بلوچستان میں کرونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آگئے ہیں، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔

 ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کے مطابق کوئٹہ قرنطینہ میں مقیم 252 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ آگئی ہے جن میں 29 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تفتان میں 16 افراد کے ٹیسٹ رپورٹ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کو آئسولیشن رومز میں منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ مریضوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب چمن پاکستان افغانستان سرحد آج بھی بدستور کرونا وائرس کی خطرے کی وجہ سے بند ہے جس کے باعث  تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں اور پیدل آمدورفت بھی بند ہے۔

چمن سرحد پر زیرو لائن کے قریب صوبائی حکومت کی جانب سے  کورنٹائن سینٹر تو بنادیا گیا مگر اس میں اب تک صرف ایک ہزار کے قریب  ٹینٹ ہی لگائے گئے ہیں اور سینٹر کو اب تک پورا فعال نہیں کیا جاسکا ہے۔

سینٹر پر تعینات سکیورٹی اہلکار میڈیا کے داخلے اور میڈیا کوریج پر مکمل پابندی لگاچکے ہیں جس کی وجہ سےچمن سرحد پر ٹینٹس میں  قائم کیئے گئے کورنٹائن سینٹر کے صورتحال کے حوالے سے معلومات تک رسائی ممکن نہیں ہورہی ہے۔