بارکھان: پولیس مقابلے میں ایک شخص ہلاک، 3 افراد زخمی

148

بلوچستان کے ضلع بارکھان کے تحصیل رکنی میں اشتہاری ملزم کے ساتھ پولیس کا فائرنگ کا تبادلہ، اشتہاری ملزم ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

رکنی کے علاقے زادین میں اشتہاری ملزم اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔فائرنگ کے تبادلے میں اشتہاری ملزم اللہ بخش موقع پر ہلاک ہوگیا۔

ڈی ایس پی عثمان غنی کے مطابق اشتہاری ملزم اللہ بخش اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے جوکہ متعدد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

فائرنگ سے کرکٹ کھیلنے والے تین نوجوان بھی زخمی ہوگئے جن میں عبدالجبار، رحیم بخش اور خیر بخش شامل ہیں۔

زخمی نوجوان کے چچا جلال الدین کے مطابق پولیس نے کرکٹ گراونڈ میں اشتہاری ملزم پر فائرنگ کی۔ جس کی وجہ سے کرکٹ کھیلنے والے تین نوجوان بھی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ جنہیں رکنی ہسپتال اور ڈی جی خان منتقل کیا گیا ہے۔

ایک زخمی عبدالجبار کو سر میں گولی لگی ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔