ایران : کورونا سے بچنے کےلئے زہریلا دوا پینے سے 300 افراد جانبحق

178

کورونا سے شدید متاثرہ ممالک میں شمار ہونے والے ایران میں درجنوں افراد نے کورونا سے بچنے کے لیے فیکٹریوں میں کام آنے والا زہریلا کیمیکل پی لیا جس کی وجہ سے کم سے کم 300 افراد جانبحق جب کہ ایک ہزار سے زائد تشویش ناک حالت میں مبتلا ہوگئے۔

ایران میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے خوف پھیلا ہوا ہے اور وہاں جزوی لاک ڈاؤن ہے جب کہ مذہبی عبادت گاہوں سمیت عوامی مقامات کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے زہریلا کیمیکل پینے سے قبل بھی وہاں رواں ماہ وائرس سے بچانے کی افواہ پر زہریلی شراب پینے سے کم سے کم 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایران کی سوشل میڈیا پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی جھوٹی خبریں اور ٹوٹکے وائرل ہونےکے بعد کئی افراد ان پر یقین کرکے زہریلی چیزیں کھانے اور پینے سے بھی گریز نہیں کر رہے ہیں، جس وجہ سے وہاں حالات مزید بدتر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔