امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ڈاکٹرز ود آؤٹ باؤنڈریزکی ایک ٹیم کو ملک بدر کرنے پر ایران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایاہے اورکہاہے کہ ایرانی عوام کی مشکلات تہران رجیم کی وجہ سے مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے ٹویٹ کیاکہ ایرانی حکومت نے اطبا کی ایک ٹیم ملک سے نکال دی ہے ۔
یہ ٹیم کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مدد کے لیے فیلڈ ہسپتال میں کام کر رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام تہران پر مسلط رجیم کے ظلم کا شکار ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع مارک اسپر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بیرون ممالک میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر 60 روز تک پابندی لگادی ۔
رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے سربراہ نے بتایا کہ محکمہ دفاع کے اس اقدام کااطلاق دنیا بھر میں امریکی فورسز پر ہوگا ۔یہ احکامات امریکی فوجیوں، سول اہلکاروں اور خاندانوں پر بھی لاگو ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم کورونا وائرس کو واپس امریکا نہیں لا رہے ، نہ دوسروں کو متاثر کر رہے ہیں اور نہ ہی ہم اس وائرس کو فوج میں پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء کا عمل متاثر نہیں ہو گا بلکہ یہ اسی طرح جاری رہے گا۔