امریکہ کے ساتھ معاہدہ نہیں توڑنا چاہتے – افغان طالبان

306

افغان طالبان نے امریکی میڈیا پر شائع ہونے والی ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ طالبان امریکہ کے ساتھ کیے گئے امن معاہدے کا پاس نہیں رکھنا چاہتے اور اسے توڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

طالبان کے قطر دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے امریکی ٹی وی این بی سی پر شائع ہونے والے تین امریکی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ یہ سچ نہیں ہے اور وہ اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔

سہیل شاہین نے یہ بھی لکھا کہ ابھی تک معاہدے پر عملدرآمد تسلی بخش طور پر آگے بڑھ رہا ہے لہٰذا امریکی حکام کے اس دعوے کا کوئی جواز پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ امریکی ٹی وی چینل این بی سی کی خبر میں تین امریکی انٹیلیجنس حکام نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ایسے شواہد ہیں جن سے پتا چلتا ہے کہ طالبان امریکہ سے کیے گئے امن معاہدے کا پاس نہیں رکھنا چاہتے اور وہ جلد اسے توڑ دیں گے۔