افغان طالبان نے امریکہ کے ساتھ ملکر داعش کو شکست دی – امریکہ

614

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ میکنزی نے انکشاف کیا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے امریکی فوج کی محدود مدد سے داعش کو شکست دی، طالبان نے یہ ثابت کیا کہ وہ داعش کو شکست دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکی کانگریس میں سماعت کے دوران جنرل میکنزی نے بتایا کہ چند ماہ پہلے جنوبی ننگرہار صوبے میں طالبان نے داعش کو مار بھگایا، اور اس کارروائی کے دوران طالبان کو امریکی فوج کی جانب سے بھی بہت ہی تھوڑی مدد فراہم کی گئی تھی۔

داعش سے لڑائی ایک خونی مقابلہ تھا مگر افغان طالبان نے یہ کر دکھایا، اب ننگرہار میں داعش موجود نہیں۔

جنرل میکنزی نے کہا کہ اس کے باوجود وہ بہت زیادہ پرامید نہیں کہ طالبان القاعدہ پر حاوی آ جائیں گے، مگر اس وقت طالبان نے اپنی اس صلاحیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو اس سے پہلے سامنے نہیں آئی۔

انہوں نے ارکان کانگریس کو بتایا کہ امریکی فوج کی بیدخلی کے لیے طالبان اپنے معاہدے کو لازما نبھائیں گے، امریکا نہ طالبان پر اعتبار کرتا ہے، نہ پسند کرتا ہے اور نہ ہی ان پر یقین ہے، ہم صرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ کیا کرتے ہیں۔