کورونا وائرس سے اٹلی میں 2، ایران میں 5 ہلاکتیں

367

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے متعدد نئے کیسز  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے ایران میں کورونا وائرس سے مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق کی جس پر ایرانی ہیتلھ حکام کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس پہلے سے ایران کے تمام شہروں میں موجود ہو۔

ایران میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ان ہلاکتوں کے بعد حکام نے شہر قم اور تہران میں اسکول اور یونیورسٹیوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ متاثرہ افراد میں زیادہ تر کا تعلق قم شہر سے ہے جہاں دو افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 کے آخر سے اب تک چین میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2345 ہوگئی ہے جبکہ دیگر ممالک میں اموات کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

اٹلی سے بھی کورونا وائرس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی ہے جن کا تعلق شمالی شہر پادوا سے بتایا جارہا ہے۔

 پہلی ہلاکت کے خوف سے اٹلی کے حکام نے قریبی اسکولوں اور عوامی مقامات کو بند کر دیا ہے۔

ادھر لبنان اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

کووڈ-19 کے نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں مگر دیگر ممالک سے رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

چین کے باہر 30 ممالک میں اب تک 1152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مجموعی طور پر اس سے ہلاکتوں کی تعداد16 ہو چکی ہے۔