بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ڈیرہ مراد جمالی میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں ایک شخص جانبق اور ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے مسافر کوچ کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں بس اڈہ کے قریب اوستہ محمد سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، موٹر سائیکل سوار شخص موقع پر جانبحق ہوگیا۔ حادثے میں جانبحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالرحیم ولد تاج محمد قوم پندرانی کے نام سے ہوئی ہے۔ نعش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
کوچ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ پولیس نے مسافر کوچ کو اپنی تحویل میں لے لیا، مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔
دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے سر یاب میں مسلح افراد کی فا ئرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق سریاب کے علاقے کلی بنگلزئی قادری چوک کے قریب فائرنگ سے عطااللہ نامی شخص زخمی ہو گیا ہے جسے ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
زخمی شخص کلی بنگلزئی کا ہی رہائشی ہے، واقعہ سے متعلق پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔