کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے باعث سعودی عرب نے عمرہ اور مسجد نبویؐ کی زیارت کے لیے آنے والوں کے لیے داخلہ عارضی طور پر بند کردیا ہے۔
عرب نیوز نےسعودی وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے افراد کو عارضی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک کے ان شہریوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا جو نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے حامل ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔
سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ترکی کے غیر ضروری سفر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہر سال تقریباً 70 لاکھ افراد عمرہ ادا کرنے آتے ہیں، جن میں زیادہ تر جدہ اور مدینہ ایئرپورٹس پر اترتے ہیں۔
ادھر ایرانی وزیر صحت سعید ناماکی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہر بند کرنے کے بجائے متاثرہ مریضوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے، مشہد اور قم شہر جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو ایران کے ایسے شہروں کے سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے جہاں آمدو رفت زیادہ ہوتی ہے، ایسے شہروں کے داخلی مقامات پر طبی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔