چین : کرونا وائرس سے مزید 64 افراد ہلاک

224

کرونا وائرس سے ہانگ کانگ میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد چین اور فلپائن کے بعد ہانگ کانگ میں اس مہلک بیماری نے کسی کی جان لی ہے۔

خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے مزید 64 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ اب تک ایک دن میں کرونا وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 425 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 20 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

منگل کو ہانگ کانگ میں ایک 39 سالہ شخص بھی ہلاک ہو گیا جو کرونا وائرس میں مبتلا تھا۔

ہانگ کانگ کے مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص نے گزشتہ ماہ چین کے شہر ووہان کا دورہ کیا تھا جہاں سے کرونا وائرس کی وبا پھیلی ہے۔

مذکورہ شخص کو کرونا وائرس کے علاوہ دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں جس کے باعث اس شخص کے علاج میں پیچیدگیاں بڑھ گئی تھیں۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ہانگ کانگ بھی بند ہے اور چین کے ساتھ اس کی صرف دو گزر گاہیں کھلی ہیں۔ چین سے متصل ہونے کی وجہ سے ہانگ کانگ میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔