پنجگور/نصیر آباد میں فائرنگ کے واقعات، 1 شخص ہلاک، 1 زخمی

203

بلوچستان کے ضلع پنجگور اور نصیر آباد میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعات میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجگور کے علاقے گچک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

لیویز حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک شخص کی شناخت محمد عمر ولد کریم بخش کے نام سے ہوئی ہے تاہم واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

دریں اثنا نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ نوتال کی حدود کنڈا تمبو گوٹھ علی جان کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص گلاب کو شدید زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید کارروائی پولیس کر رہی ہے۔