پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے – نواب اسلم رئیسانی

667

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ عمران خان چوروں کے اوپر مور بن چکے ہیں، چائنا ہمارا دوست نہیں بلکہ اس کے اپنے مالی مفادات ہیں، مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ہماری خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے۔وہ جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں دیئے جانے والے استقبالیہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا ہے عوام ریلیف چاہتے ہیں مگر حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے ان پر مہنگائی کے بم گرارہے ہیں عوام تنگ آچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا حال برا ہو چکا ہے ہم نے پاکستان آئی ایم ایف کو فروخت کردیا ہے، اسٹیٹ بینک کا گورنر بھی آئی ایم ایف کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چور چور کہتے تھے مگر اب وہ خود چوروں کے اوپر مور بن چکے ہیں ملک میں کرپشن روز بروز بڑھتی جارہی ہے کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کی طرف گامزن ہے جب تک ملک کی معیشت ٹھیک نہیں ہوگی ملک کے حالات بہتر نہیں ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے ہمارے ہمسایوں کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں، چائنا ہمیں سگریٹ کے پیکٹ کی طرح دیکھتا ہے اس کے اپنے مالی مفادات ہیں وہ ہمارا کوئی دوست نہیں ہمیں اپنی خارجہ پالیسی کو ٹھیک کرنا ہوگا ہمیں اپنے ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کو ٹھیک کرنا ہوگا اور دوسرے ممالک کے معاملات میں ہمیں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں دہشت گردی کے واقعات میں بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں ایسے واقعات نہیں ہونا چاہیے اور ان کی روک تھام کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔