وطن کے دفاع کیلئے تعلیم یافتہ طبقے کو متحد ہونا ہوگا – لشکری رئیسانی

455

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ اپنے وطن کے دفاع کیلئے تعلیم یافتہ طبقہ کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے، کتاب علم اور تعلیم کیساتھ ہم اپنی عزت اور ناموس کا تحفظ کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء و سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد، رکن بلوچستان اسمبلی میر محمد اکبر مینگل، نوابزادہ میر سخی رئیسانی و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ ہمارے سماج ارتقائی بحران سے گزررہا ہے جہاں شکست و ریخت کا ایک بہت بڑا سلسلہ جاری ہے آج پارلیمنٹ میں اپنے سماج کی نمائندگی کرنے والے افراد کی تعداد انتہائی کم ہے کیونکہ پارلیمنٹ میں عوام کی تائید و حمایت کے برعکس لوگوں کو سلیکٹ کرکے لایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسی سرزمین پر رہتے ہیں جس پرحکمران باہر سے مسلط کئے جاتے ہیں ایسے میں بلوچ اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل آرگنائزیشن کی جدوجہد نے اپنے وطن سے محبت کرنے والے سیاسی کارکنوں کے حوصلے بلند کیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایجوکیشنل آرگنائزیشن جدید دور میں اپنا ارتقائی کردار ادا کرتے ہوئے سماج کو علم کی جانب راغب کرنے کی کوشش کررہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ارتقائی شکست و ریخت سے دوچار سماج میں باشعور نوجوانوں نے اپنی سرزمین کے دفاع، تاریخ، ننگ و ناموس اورساحل وسائل کے تحفظ کیلئے زندگیاں قربان کرنے والے سیاسی کارکنوں کا حق ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم یافتہ لوگوں کو یکجار کرکے اپنی سرزمین، سائل وساحل، عزت و ناموس اور تاریخ کے دفاع کیلئے کتاب علم اور تعلیم کا سہارا لیکر سماج کو درپیش بحرانوں سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، میر ہمایوں عزیز کرد اور اکبر مینگل نے تقریب کے شرکاء میں شیلڈ تقسیم کیں۔