سبی: تبلیغی اجتماع میں شریک دو افراد جانبحق

1156

بلوچستان کے علاقے سبی تبلیغی اجتماع میں عارضہ قلب بند ہونے اور ہائی بلڈپریشر و شوگر سے 2 افراد انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق سبی کے تین روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع میں بلوچستان کے علاقے کانک کے رہائشی محمد اقبال دل کا دورہ پڑنے سے جبکہ پنجگور کا رہائشی شوگر اور بلیڈ پریشر بڑھ جانے سے وفات پاگئے۔

دونوں افراد کی لاشوں کو ضلعی انتظامیہ نے ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔

خیال رہے گذشتہ روز سبی تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جانیوالے دو بھائی بولان ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاںبحق ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق کوئٹہ ارباب کرم خان روڈ کے رہائشی دو سگے نوجوان بھائی محمد اسلم اورمحمد اکرام ولد زاہد کاکڑ اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سالانہ سبی تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جارہے تھے کہ راستے میں بولان سراج آباد کے قریب بولان ندی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاںبحق ہوگئے لاشوں کو مقامی لیویز نے سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کردیا لیکن لاشیں چار گھنٹے سول ہسپتال میں ایمبولنس نہ ہونے کی وجہ سے پڑی رہی بعد ازاں سبی سے ایمبولنس منواکر لاشوں کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

تحریک جوانان کچھی بولان کے صدر بابر خجک نے سول ہسپتال ڈھاڈر میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ضلعی ہیڈکوارٹر ڈھاڈر کی ڈی ایچ کیو میں ایمبولنس سروس نہیں، ایم ایس نااہل آفیسر ہیں جن کی وجہ سے لاشیں چار گھنٹے تک سول ہسپتال ڈھاڈر میں پڑی رہی، سول ہسپتال ڈھاڈر میں انسانیت کے نام پر کاروبار شروع کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایم ایس سول ہسپتال ڈھاڈر ڈاکٹر اکبر نے بتایا کہ سول ہسپتال میں ورثاء کو چھوٹی کیری ایمبولنس فراہم کیا گیا جبکہ ورثاء بڑی ایمبولنس کا ڈیمانڈ کرتے رہے جو موقع پر موجود نہیں تھا، چھوٹی ایمبولنس میں ورثاء نے لاشیں لے جانے سے انکار کیا بعد ازاں بڑی ایمبولنس سبی سے منگوا کر لاشوں کوورثاء کے حوالے کردیا گیا۔