روہڑی: مسافر بس ریل گاڑی کی زد میں آگئی، 30 مسافر جانبحق

599

سکھر میں روہڑی کے قریب کندھرا پھاٹک پر پاکستان ایکسپریس کی زد میں مسافر بس آگئی جس کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق روہڑی کے قریب کندھرا پھاٹک پر مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی زد میں آگئی اور حادثہ پھاٹک نہ ہونے کے باعث پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ مسافر بس اور ٹرین حادثے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

کمشنر شفیق مہیسر نے حادثے میں 30 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو تعلقہ اسپتال روہڑی اور سول اسپتال سکھر منتقل کیا گیا ہے جبکہ ایک کلو میٹر تک کے علاقے کی سرچنگ کی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور خوفناک حادثے میں بس کے 2 ٹکڑے ہوگئے۔