بلوچستان کے علاقے دالبندین سے نامعلوم مسلح افراد نے دو افراد کو اغواء کرلیا جس کے بعد وہ تاحال لاپتہ ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق گذشتہ رات گاڑی میں سوار مسلح افراد نوکچاہ کے مقام پر محمد قاسم اور نصیر نامی افراد کو اغواء کرکے لے گئے، دونوں افراد کا تعلق ڈسڑکٹ واشک تحصیل ماشکیل سے ہے۔
جمعیت علما اسلام کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر زابد علی ریکی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گذشتہ رات آٹھ بجے ماشکیل کے دو افراد نصیر ریکی و مجید ریکی کو چار گاڑیوں پر مشتمل مسلح افراد نے کلی نوکچہ دالبندین سے اغواء کیا جن کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے جو باعث تشویش ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چاغی میں فورسز کی کاروائی، مغوی تاجر بازیاب
انہوں نے کہا کہ چاغی انتظامیہ عوام کی جان و مال کی تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے ہر روز بدامنی اور اغواء برائے تاوان اور چوری ڈکیتی کی وارداتیں عام ہوتی جا رہی ہے۔
میر زابد علی ریکی نے کہا کہ چاغی انتظامیہ نے مغوی افراد کی بازیابی میں تعاون و اقدامات نہیں اٹھائے تو اسمبلی سمیت ہر فورم پر چاغی انتظامیہ کے خلاف آواز بلند کرکے بھرپور احتجاج کرینگے۔
مزید پڑھیں: نوکنڈی میں مذہبی شدت پسند گروپ کا گھر پر حملہ
ان کا کہنا ہے کہ ماشکیل کے باسیوں کا دیگر اضلاع میں آمدورفت کے لیے دالبندین کا راستہ استعمال ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے ماشکیل کے باسی چاغی ایریا میں عدم تحفظ کا شکار ہیں اور روز چوری ڈکیتی کی وارداتوں کا سامنا کر رہے ہیں۔