جھل مگسی: باراتیوں کی گاڑی کو حادثہ، 12 افراد جانبحق

273

بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 12 افراد جانبحق اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شہداد کوٹ سے خضدار جاتے ہوئے جھل مگسی کے علاقے باریجہ کے قریب باراتیوں سے بھرا مزدا تیز رفتاری کے باعث الٹنے سے 12 افراد جانبحق ہوگئے۔

حادثے میں کئی افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دریں اثنا سنجاوی میں بائیس میل علاقے میں پک اپ گاڑی الٹنے سے خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق سنجاوی میں ہرنائی روڈ بائیس میل کے مقام پر پک اپ گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں باز محمد نامی شخص اور ایک خاتون جان کی بازی ہار گئے، حادثے میں بعض افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آئے روز ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں جس کی بنیادی وجوہات میں سے ایک سڑکوں کی خستہ حالی بتائی جاتی ہے جبکہ ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنا بھی ان وجوہات میں شامل ہے۔