بلیدہ میں فورسز کی آپریشن، گھر گھر تلاشی جاری

230

دی بلوچستان نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔

فورسز اہلکار دوران آپریشن بلیدہ کے مختلف علاقوں سلو، الندور، میناز، کوشک، گرشنادر اور گردونواح کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی لے رہے ہیں۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقوں کو جانے والی تمام راستوں پر فورسز کی جانب سے ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ بلیدہ سے زامران کی جانب بھی فورسز کے کئی گاڑیوں پر مشتمل گاڑیوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

دریں اثنا فورسز کی جانب سے تربت شہر اور گردونواح کو محاصرے میں لے کر آمد ورفت کے راستوں پر سخت ناکہ اور چیکنگ کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق تربت شہر اور مضافات فوج کے محاصرے میں ہیں، فوج کی گشت، آمدورفت کے راستوں پر سخت ناکہ بندی اور تلاشی کے عمل میں نہایت سختی لائی گئی ہے۔

تربت شہر کا شمار سخت ترین سیکیورٹی والے شہروں میں ہوتا ہے جہاں فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے۔

خیال رہے کہ آج تربت شہید حمید چوک پر نامعلوم افراد نے فورسز چوکی پر دستی سے حملہ کیا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بی ایل ایف نے قبول کیا تھا۔ بی ایل ایف ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔