بلوچستان: 32 اضلاع میں پولیو مہم شروع، ہرنائی و سبی میں مہم مؤخر

416

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 32 اضلاع میں انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی جبکہ سبی اور ہرنائی میں مؤخر کر دی گئی۔

پولیو ایمرجنسی سینٹر کے کوآرڈینیٹر راشد رزاق کے مطابق بلوچستان کے 32 میں سے 30 اضلاع میں انسداد پولیو مہم تین جبکہ پشین اور قلعہ عبداللہ میں انسداد پولیو مہم پانچ روز تک جاری رہے گی۔

مہم کے دوران 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کےلیے 10 ہزار 544 میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 8 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں، 955 فکسڈ اور 591 ٹرانزٹ پوائنٹس شامل ہیں۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔ پولیس، ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری نافذ کردی گئی ہے تاہم حکام کی جانب سے سبی اور ہرنائی میں مہم مؤخر کرنے کے وجوہات نہیں بتائی گئی ہے۔

پولیو ایمرجنسی سینٹر کے مطابق بلوچستان میں رواں سال دو جبکہ گذشتہ سال پولیو کے 12 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

واضح رہے بلوچستان میں رواں سال اب تک دو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔