امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد سے قبل نئی دہلی میں جھڑپیں ہوئیں جس کے باعث ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 24 گھنٹوں کے بعد دوسری بار دہلی میں جھڑپیں ہوئیں، بی جے پی کے انتہا پسندوں نے شہریت بل کے خلاف احتجاج کرتی عوام پر دھاوا بول دیا جبکہ دہلی میں پتھراؤ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس افسر کا نام رتن لال ہے جو پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر کام کر رہا تھا، پتھراؤ کے دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) امت شرما بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انتہا پسندوں نے مسلم اکثریتی علاقے جعفر آباد اور موج پور میں گھروں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ دہلی کے علاقے موج پور، چاند باغ، کردمپوری، دلیاپور کے علاقوں میں حالات کشیدہ ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز موج پور کے علاقوں میں مسلم خواتین نے شہریت بل کے خلاف دھرنا دیا تھا، بی جے پی کا مقامی رہنما انتہا پسندوں کے ساتھ دھرنا ختم کرنے آیا، دھرنے پر پتھراؤ بھی کیا گیا
واضح رہے کہ امریکی صدر دو روزہ دورے پر آج بھارت پہنچے ہے جہاں انہوں نے گجرات میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔