امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تیل اور قدرتی گیس کی پیداوار میں امریکا سرفہرست ملک بن گیا ہے، ملک کی معیشت ماضی سے بہتر اور مضبوط ہوگئی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ کا کانگریس میں اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک میں نوکریاں بھی واپس آرہی ہیں اور ضرورت مندوں کو مواقع مل رہے ہیں، لوگوں کو نوکریوں سے نکالنے کا سلسلہ ختم ہوچکا، بےروزگاری کی شرح امریکی تاریخ میں کم ترین مقام پر ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کا افتخار بحال ہوچکا ہے، ہماری سرحدیں محفوظ ہیں اور ملک میں جرائم بھی کم ہوگئے ہیں، امریکا کا اب دنیا میں بہت زیادہ احترام ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بھی ماضی کی پالیسیاں جاری رکھتے تو آج امریکا میں یہ سب کچھ نہ ہوتا۔