اقوام کی ترقی میں مادری زبانوں کا کردار – حامد علی بلوچ

944

اقوام کی ترقی میں مادری زبانوں کا کردار
بلوچی زبان کی ترقی و ترویج : ایک جائزہ

تحریر: حامد علی بلوچ
(شعبہ بلوچی، جامعہ بلوچستان، کوئٹہ)

مادری زبانوں میں سوچنے، لکھنے ، پڑھنے اور اُنہیں شناخت کا حصّہ بنانے کا عمل بہت قدیم ہے، لیکن ”نیشن اسٹیٹ” تھیوری کے عمل میں آنے کے بعد یہ عمل شدّت سے محسوس کیا گیا۔ اُنیسویں صدی کی اِبتدا سے لیکر اکیسویں صدی تک یورپ، امریکا، ایشیا، اور افریقہ میں مادری زبانوں کی شناخت کےحوالے سے انقلاب برپا ہوئے جس میں کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہوااور آخرکار بہت ساری زبانوں کو سرکاری زبان کی حیثیت مل گئی۔ ۱۹۲۴ کو سلطنت عثمانیہ کے ٹوٹ جانے کے بعد کمال اتا ترک نے عربی زبان کی جگہ ترکی زبان کو ریفارم کرکے تُرکی کی سرکاری زبان بنادی۔

۲۵ ستمبر ۱۹۵۲ میں تامل زبان کو سرکاری حیثیت دینے کی تحریک کے سربراہ پوتی سری رمولو نے ۵۸ دن کی بھوک ہڑتال کے بعد ہندوستان کے جنوبی شہرمدراس میں جان دے دی۔ اُس کا مطالبہ یہ تھا کہ تیلنگانہ علاقے کو ایک ایڈمنسٹریٹو علاقہ تسلیم کرکے تامل زبان کوسرکاری حیثیت دی جائے اور مدراس کو اُسکا دارالحکومت بنایا جائے۔۱۹۴۷ کو پوتی سری رمولو برطانوی سامراج کے چلے جانے اور ہندوستان کی صوبائی حدبندیوں سے بہت مایوس اور نالاں تھے، اُس کوخدشہ تھا کہ اگر تامل مختلف علاقوں میں مُنقسم ہوئے تو اُن کی مادری زبان کو ختم ہو جانے کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ سری رمولو کی موت کی خبر پورےتیلنگانہ علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ رمولو کے پیروکار دُکانوں ، ریلوے اسٹیشنوں ، بس اَڈوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے لگے۔اِس دنگے میں کئی لوگ پولیس کی گولیوں سے چھلنی ہوگئے اور کئی مرگئے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہندوستان کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے چاردن بعد میڈیا کے زریعے اعلان کروایا کہ علیحدہ تامل صوبہ بنایا جائے جس کا نام آندھرا پردیش رکھا جائے۔

۱۹۶۰-۱۹۶۱میں سَنت فتح سنگھ اور ماسٹر تارا سنگھ ہندوستان میں پنجابی صوبے کے قیام اور پنجابی زبان کو مادری زبان کی حیثیت نہ دینے پر ۴۸ دن تک بھوک ہڑتال کی لیکن اُن کی کوششیں بارآور نہ ثابت ہوسکیں اور اُن کی موت واقع ہوئی۔ اِسی طرح ۱۹۶۴-۱۹۶۵میں تلگو زبان کو صوبے کی زبان کی تاخیرکی صورت میں بھوک ہڑتال اور خود کشی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا، جو حکومت ہند کے لیے درد سر بن گیا۔ ۱۹۶۴ میں مدراس ” موجودہ چنّئی” سے تین سوکلومیٹر دور کے ایک گاوں میں ” چِنّاسامی” شخص نے” تِروچرا پَلّی ریلوئے اِسٹیشن ”پر اپنے آپ پر پٹرول چھڑک کر اِس لیے خود سوزی کی وہ اپنے لوگوں کواپنی مادری زبان کے حوالے سے سرکاری رویہ سمجھا سکے۔ ۱۹۶۵ میں چِنّاسامی کے مزید آٹھ پیروکاروں نے تامل زبان کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کرتےہوئے احتجاجاَ خود سوزی کی، اُن کا کہنا تھا کہ تامل زبان ہے اُن کی شناخت ہے اگر تامل زبان نہیں رہے گی تو تامل بھی نہیں رہیں گے۔

آزادی کے ساٹھ سال بعد ہندوستانی آئین کے شیڈیول نمبر ۸ کے تحت انگریزی اور ہندی کو سرکاری زبان کے ساتھ ساتھ تقریبا ۲۳ زبانوں کی سرکاریحیثیت دی گئی، جن میں آسامی، بنگالی ، گُجراتی، ہندی، کناڑا، کشمیری، ملیالم، مراہٹی، اوریا، پنجابی، سنسکرت، تامل، تلگو شامل ہیں۔اُردو کو ۱۹۵۰ میں سرکاریحیثیت دی گئی۔ سندھی کو ۱۹۶۷ میں آٹھویں شیڈول کا حصہ قراردیا گیا۔ کونکانی، منی پوری، اور نیپالی کو ۱۹۹۲ میں، اوربوڈو، ڈوگری، میتھیلی، اور سنتالی کو۲۰۰۴ میں آٹھویں شیڈول کا حصہ قرار دیا گیا۔

آج اِن ساری زبانوں کو انگریزی اور ہندی کے ساتھ ساتھ سرکاری حیثیت حاصل ہے اور ساری زبانیں ہندوستانی صوبوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اس کےعلاوہ۴۷ زبانیں پبلک ایڈمنسٹریشن میں، ۸۷ زبانیں اخبارات و رسائل اور ۹۱ زبانیں ریڈیو پروگراموں میں استعمال کی جاتی ہیں، اِسی طرح ہندوستان دُنیا کا واحدمُلک ہے جس میں مادری زبانوں کو سرکاری حیثیت حاصل ہے۔

اگر جنرل یحیی خان اپنے پڑوسی مُلک کی مثال سامنے رکھ کر اپنے دوست نورخان کے ”Proposals for a New Educational Policy” پر عمل کرتے توآج پاکستان اور پاکستانیوں کو شاید یہ دن دیکھنے نہ پڑتے۔ نور خان کی منصوبہ بندی کے مطابق مشرقی پاکستان میں بنگالی اور مغربی پاکستان میں اُردو زبان کوسرکاری زبان قرار دینا تھا۔ لیکن باالفرض اگر نور خان کی پالیسی کامیاب ہو بھی جاتی تو ارباب اِختیار کے لئے اور مسئلے کھڑے ہو جاتے۔ ۱۹۷۰ کو نورخان کی رپورٹ منظر عام پر آئی جسے ۱۹۷۴تک فیز وائز صوبائی سرکاروں کی زبان قرار دینا تھا، لیکن ۱۹۷۲ میں ذوالفقارعلی بھٹو کی حکومت آئی تو پاکستان میں خانہ جنگی کی صورتحال تھی ۔ نورخان کی رپورٹ کامیاب نہ ہو سکی اور بنگلہ دیش کی جُدائی کا عظیم سانحہ پیش آیا جو یقینا ہمارے حکمرانوں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

بلوچی زبان پاکستان میں صوبہ بلوچستان کے علاوہ سندھ اور پنجاب میں بھی کثیر تعداد میں بولی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میںپچانوے فیصد اور کرمان میں تیس سے پچاس فیصد بولی جاتی ہے۔ صوبہ ہرمزگان اور گُلستان میں بھی بلوچوں کی بڑی تعداد بستی ہے۔

خلیجی ممالک باالخصوص سلطنت عمان میں پچاس فیصد بلوچ رہتے ہیں، جو آج تک اپنی مادری زبان بلوچی بولتے ہیں، لیکن بد قسمتی سے نہ بلوچوں کی آبادیکے اعداد و شمار سرکاری طور پر صحیح دکھائے گئے ہیں اور نہ ہی اُن کی زبان کو سرکاری حیثیت حاصل ہے اور نہ ہی بلوچی بولنے والوں کی حوصلہ افزائی کیجاتی ہے۔ اس کے علاوہ پچھلے تین صدیوں سے بلوچوں میں عربائیزیشن کا عمل جاری ہے، جو اقوام مُتحدہ کے قوانین کے تحت “forced assimilation” میں شمار ہوتا ہے۔

شاہی حکومت ہونے کی وجہ سے وہاں کے بلوچ اپنی مادری زبان کو گھر اور بازاروں میں بولتے تو ہیں لیکن عمان کی حکومت کو عملی طور پر سکول ، کالج اوریونیورسٹیوں پڑھانے کا نہیں کہہ سکتے، لیکن یہ عمل سلطنت عمان کے لیے نیک شگون نہیں ہے، کیونکہ بلوچ غیرسرکاری طور پر یہ محسوس کررہے ہیں کہ اُن کی زبان کو عربی سے بہت خطرات لاحق ہیں، پچھلے ایک دو دَہائیوں سے بحرین، سلطنت عمان ، دبئی، قطر اورکویت میں بلوچی ادبی ادارے، فورمز اور بلوچی ڈاکومنٹری فلمیں بننے لگی ہیں اور بلوچوں کو اپنی مادری زبان ختم ہو جانے کی فکر لاحق ہے۔ {سعید محمد الامیری:ص۲۴۱-۲۴۲}

ایرانی لینگوئیج پالیسی کے مطابق صر ف فارسی ہی سرکاری اور رسل و رسائل کی زبان ہوگی، کیونکہ سرکاری اِدارے ایران میں بولی والی کسی بھی زبان کو علیحدہ زبان نہیں، بلکہ فارسی کی بولیاں سمجھتے ہیں، ایران میں رہنے والی دوسری قوموں کو بارہا ایرانی حکومت کو یاد دلانا پڑتا ہے، کہ اگر اُن کی شناخت کو ختم کرنےکی کوشش کی گئی تو کسی صورت حال بگڑ سکتی ہے۔ لیکن بدقسمتی سے ایرانی حکومت آج تک اپنی ضد پہ اَڑی ہوئی ہے کہ فارسی ہی ایران کی زبان ہے۔

ایران میں بلوچی زبان بھی اسکول، کالجز اور جامعات میں نہیں پڑھائی جاتی، حالانکہ ایرانی آئین میں فارسی کے ساتھ ساتھ دوسروں زبانوں کی ترقی و ترویج پر زوردیا گیاہے۔ ۱۹۷۹ کے انقلاب کے بعد بلوچی ماہناموں اور مجلّوں پر پابندی لگائی گئی، ریڈیو اور ٹی وی کے نشریات بند کردئیے گئے، بالاچ، گوہرام، چاکر، ہونک، میرک اور سینکڑوں بلوچی الاصل ناموں پر پابندی لگادی گئی۔ صوبہ سیستان اور بلوچستان کے تمام شہروں کے بلوچی نام مُفرّس کیے گئے۔ مثلا دُزّاپ کانام زاہدان، پَہر ہ کا نام ایران شھر، چہبار کا نام چاہ ئے بہار{حالانکہ وہاں پہ کوئی بہار نہیں ہوتا} اور بہت سارے شہروں کے نام بدل دیے گئے تاکہ بلوچوںکی شناخت اور اُن کی زبان سے الفاظ ناپید ہوتے رہیں۔ ایران میں بیرونی ٹی وی چینلز اِس لیے بند کیے گئے تاکہ ایران میں بسنے والی قوموں کو سرحد پار اُنکے کسی بھی ہم زبان کے متعلق معلومات فراہم نہ ہو۔ صدرمحمود احمدی نژاد کے زمانے میں زاہدان یونیورسٹی میں بلوچ طلباء کو اِس شرط پر بلوچی میگزیننکالنے کی اجازت دی گئی کہ ہر مضمون کا ترجمہ فارسی میں بھی ہو تاکہ شک کی گُنجائش نہ رہے۔

اسلامی جمہوری ایران کے آئین ،باب نمبر ۲ ، آرٹیکل نمبر۱۵ میں واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ

” ایران کی سرکاری اور خط و کتابت کی زبان فارسی ہے۔ سرکاری دستاویزات، رسل و رسائل، نصاب اور لکھنے پڑھنے کے سارے مواد فارسی میں ہی لکھےجائیں گے۔ اِس کے علاوہ علاقائی اور قبائلی زبانوں اور اُن کی ادب کو اِسکولوں میں پڑھانے اور میڈیا اور پریس میں استعمال کرنے کی اِجازت ہو گی۔”

اِس کے باوجود پہلوی دور میں ایران کے اَندر فارسی ثقافت اور زبان کے علاوہ باقی تمام زبانوں اور ثقافوتوں کو نظر انداز کیا گیا اور حکومتی پالیسی کےخلاف سمجھا گیا۔ ایرانی حکومت کا سب سے بڑا المیہ یہ رہا ہے کہ وہ شروع دِن سے ایران میں باقی زبانوں کو فارسی کی بولیاں سمجھتی ہے اور آج بھی سمجھ رہیہے۔ اسی وجہ سے ایران میں مادری زبانوں کے حوالے سے کوئی پالیسی وضع نہیں گئی۔

سویڈش پروفیسر کارینا جہانی لکھتی ہیں کہ ” پہلوی بادشاہ نسل پرستی اور شاونزم کی انتہا تک پہنچ گئے، اِنہوں نے میڈیا اور تعلیمی اِداروں کو کنٹرول کیا”۔ ایران میں پہلی مرتبہ بلوچی میں کتابت کا سلسلہ ۱۹۷۹ کے انقلاب کے بعد شروع ہوا۔ کچھ مہینوں کے اَندر کئی مجلّے بلوچی زبان میں نکلنا شروع ہوئے، لیکن یہ سلسلہ دیر تک نہیں چل سکا اور جلد ہی بہ زور طاقت ایرانی حکومت نے مجّلے بند کردیے اور مجلّوں کی کاپیاں ضبط کر لی گئیں۔ ۱۹۹۰ کے بعد پھر سے ایرانی حکومت طرف سے نرمی دکھائی گئی اور بلوچی میں ماہنامے نکلنا شروع ہوئے۔ لیکن اِس مرتبہ ہر میگزین کو تین چار جگہ سنسر ہونا پڑتا تھا۔ اِسے کے علاوہ ریڈیومیں بلوچی کے پروگرام جزوی طور پر ۱۹۶۰ سے شروع ہوئے، لیکن بلوچ اِن پروگرامز کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ ایرا نی حکومت کامقصد ریڈیو پروگرام شروع کروانا بلوچی زبان کو ترقی دینا نہیں بلکہ پروپگینڈے کے زریعے اپنے کاز کو لوگوں تک پہنچانا ہے، کیونکہ ریڈیو پروگرامز میں مذہب اور ایک ہی طبقے کی نمائندگی کی جاتی ہے۔بلوچی زبان میں ایران میں کوئی ٹی وی چینل نہیں ہے اور نہ کبھی اِس کی اِجازت دی گئی ہے۔

افغانستان کے آئین کے باب نمبر ۱، آرٹیکل نمبر ۱۶ میں درج زیل زبانوں کے بارے میں درج ہے “پشتو اور دری فارسی کو سرکاری زبان کی حیثیت حاصل ہوگی، اس کے علاوہ ، ازبکی، ترکمانی ، بلوچی، پشائی، اور نورستانی جو افغانستان میں بولی جاتی ہیں اُن کی ترقی و ترویج ریڈیو ، ٹی ۔وی اور پبلیکیشنز کے زریعے کیجائیں گی۔”{دیکھیں دستور افغانستان}

بلوچ افغانستان کے صوبہ نیمروز میں اکثریت میں ہیں، اس کے علاوہ ہرات، ہلمند، چخانسر، فرح، اور قندھار میں ان کی بڑی تعدار آباد ہے۔ ۱۹۷۹ میں افغانستان پر روسی حملے کے بعد بلوچی زبان کو سرکاری حیثیت دی گئی اور اسکولوں میں بلوچی زبان کو پڑھانے کا سلسلہ شروع ہوا ۔ بلوچی لٹریچر کی بہت سی کتابیں طبعہویں، عبدالستار پرُدَلی کا پہلا ناول ” سوب” کے نام سے چھپا جو افغانستان میں بلوچ سماجی زندگی کا شاہکار نمونہ سمجھا جاتا ہے۔ اسی طرح نیمروز میں بلوچ کلچرل سنٹر قائم ہوا اور بلوچی زبان میں افغانستان کے سرکاری ٹی۔وی چینل آر-ٹی۔اے میں پروگرامز نشر ہونے شروع ہوئے۔ لیکن یہ سلسلہ روسیوں کےنکل جانے بعد چل نہ سکا۔ ۱۹۹۰ میں سوویت یونین ٹوٹ گیا تو بلوچی زبان کی ساری کتابیں ضبط کی گئیں، اسکولوں میں بلوچی زبان کو پڑھانے کا سلسلہ بندکردیا گیا۔ طالبان کے آنے بعد افغانستان کی حالت یکسر بدل گئی، اِس ناگفتہ بہ دور میں دری اور پشتو زبانوں کا آمنا سامنا ہوا، پشتو زبان کو طالبان کی زبان اور دری فارسی کو مہذّبین، امراء و کبرا کی زبان سمجھی جانے لگی۔ ہزاروں کی تعداد میں طالبان اور تاجک بلوچ علاقوں {ہلمند، نیمروز، چخانسر، شوراوک، اور فرح}میں شفٹ ہوگئے، جس سے بلوچی زبان اور بلوچوں کو ‘ مارجینلائزیشن’ کا خطرہ لاحق ہوا۔

۲۰۰۴میں جب حامد کرزئی صدر افغانستان مُنتخب ہوئے تو انہوں نے بلوچوں کو یقین دلایا کہ اُن کی زبان دوبارہ اِسکولوں میں پڑھائی جائے گی۔۲۰۰۵ میں بلوچوں کا ایک وفد اپنے مطالبات لیکر صدر ِ افغانستان جناب حامد کرزئی کی خدمت میں حاضر ہوا۔ حامد کرزئی نے اُنہیں یقین دلایا کہ قندہار یونیورسٹی میں شعبہ بلوچی کاقیام عمل میں لایا جائے گا۔وعدے کے مطابق قندہار یونیورسٹی میں بلوچی ڈیپارٹمنٹ کھولا گیا جس میں پہلی مرتبہ۸۰ سے زیادہ طلباء و طالبات نے داخلہ لےلیا۔ لیکن دو سال بعد افغان حکومت کو قندہار یونیورسٹی کا شعبہ بلوچی اِس لیے بند کرنا پڑا کیونکہ پاکستانی حکومت کی طرف سے ایک گُماشتے نے صدر اشرف غنی سے کہا کہ پاکستان کو قندہار یونیورسٹی کے شعبہ بلوچی سے خطرات لاحق ہیں۔ میری نظر میں حکومت پاکستان اور سرکار میں موجود ارباب اختیار کے لیے یہ بڑے افسوس کا مقام ہے کہ وہ خالصتا علمی و ادبی ادارے کے لیے اِس طرح کی سوچ رکھتے ہوں۔

پاکستان بننے سے پہلے اور پاکستان بننے کے بعد بھی بلوچی زبان مختلف ادوار میں سرکار، سردار، زردار اور آمرانہ حکومتوں کے زیر عتاب رہی ہے۔ برطانوی سامراج کے دور میں گو کہ اُن کے عزائم کُچھ اور تھے، لیکن پہلی مرتبہ برطانوی میجر مینسل لانگ ورتھ ڈیمز نے نیک نیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگریز فوج اورفوج میں ملازم عملے کے لیے بلوچی زبان میں نصاب متعارف کروایا۔ اِس کے بعد کئی انگریز مصنفین جن میں ویلھلم گائیگر، ٹی۔جے ایل۔مئیر، سر ٹمپل،جارج واٹر گلبرٹسن، پئیرسن، رچرڈ برٹن، اے۔ڈبلیو۔ہیوز، زروبن،جوزف الفبن بائن،نکولائی، مارسٹن، برائن سپونر،۱یدریانو روسی، ایلا فلیپون ، کارینا جہانی اوراگنس کورن کے نام قابل ذکر ہیں ، جنہون نے بلوچی زبان ، تاریخ ، سفرنامےاور لغات پر شاہکار کام کیے، جو آج بھی ریفرنس کے طورپر مانے جاتے ہیں۔۱۸۳۸ میں جب انگریزوں نے بلوچستان پر قبضہ کرلیا تو انگریزوں کے خلاف نفرتیں بڑھنے لگیں۔ ۱۸۸۲ میں مولانا حضور بخش جتوئی اور مولانا فاضل درخانی نےانگریزوں کے خلاف سبی کے ایک چھوٹے سے گاوں درخان میں ایک مدرسے کا قیام عمل میں لایا جس میں بلوچی، براہوی، سندھی، اردو ، فارسی اور عربی کتابیں تصنیف اور ترجمہ کی گئیں۔ بلوچی زبان کا موجودہ رسم الخط بھی مکتبہ درخانی سے ہی وجود میں آیا۔ لیکن چونکہ یہ رسم الخط انگریزوں کے ری ایکشن اورسُرعت میں ترتیب دی گئی اور اس میں مذہبی عنصر رنگ زیادہ شامل تھا اسی وجہ سے بلوچی ادب اور رسم الخط دونوں کو دُرخانی دور میں خاطر خواہ ترقی نہیں ملی۔

جدید رسم الخط میں بلوچی زبان میں باقاعدہ لکھنے کا آغاز ۱۹۳۰ کے زمانے میں شروع ہوا۔ ۱۹۳۹ میں صوبہ سرحد {موجودہ کے۔پی۔کے} میں ایک کانفرس ہوئی، جس میں پورے پاکستان سے دانشور، صحافی اور مُصنفین نے حصہ لیا۔ اِس کانفرس کی قابل تحسین بات یہ تھی کہ تما م شرکا ء نے اپنی مادری زبان میں ہی مقالے پڑھے۔ کانفرنس میں موجود بلوچی زبان کے عظیم شاعر، مورخ، اور صحافی میر گُل خان نصیر نے محسوس کیا کہ مادری زبان ہی قوموں کی شناخت ہوتی ہے، بغیر مادری زبان کے قوموں کا وجود ممکن نہیں۔ 1951میں اُس کی شاعری کی پہلی کتاب “گُل بانگ” کے نام سے چھپی۔ ۱۹۵۱ ہی میں بلوچی ماہنامہ”اومان” مولانا خیرمحمد ندوی کی ایڈیٹرشپ میں سامنے آیا،اور پھر ماہناموں کا ایک سلسلہ شروع ہوا۔ لیکن بروقت سرکاری کمک نہ ہونے کے سبب بہت سےرسالے چند شمارے کے بعد بند کرنے پڑے۔۱۹۵۶ میں ‘ماہتاک بلوچی’ کے نام سے بلوچی کے ممتاز شاعر آزات جمالدینی کی ایڈیٹر شپ میں چھپنے لگا۔ اِس ماہنامے کو چلانے کے لیے مالی مدد کی ضرورت تھی۔ آزات جمالدینی کشکول لے سرکاری دفاترکا چکر کاٹتے رہے، لیکن سرکاری افسران نے اُس کی ایک نہیں سُنی۔ آخر کار اُس نے اپنی بیگم کے سونے اور زیورات بیچ کر ماہتاک بلوچی نکالنا شروع کیا۔ آخر زیورات کے پیسوں کو ختم ہونا ہی تھا، یوں ماہتاک بلوچی کی چھپائی رُک گئی۔ لیکن شعرا او ر ادبا ء کی اُمیدیں نہیں رُکیں۔ بلوچی زبان میں اپنی مدد آپ کے تحت شاعری اور نثر کی کتابیں چھپنے لگیں۔

۱۹۵۱۔۱۹۷۰ تک بلوچی جدید شاعری اُردو کے برابر پہنچ گئی، جس میں میر محمد حسین عنقاء، میر گُل خان نصیر، کریم دشتی، ملنگ شاہ ہاشمی، سید ظہور شاہہاشمی،عطا شاد، میر احمد دہانی، جیسے نامور شاعروں بلوچی میں طبع آزمائی کی۔ بلوچی نثر میں بھی موجودہ ادبی اور علمی تضاضوں کے مطابق اچھی پیش رفت ہوئی۔

۱۹۶۱ جب بلوچی اکیڈمی کا قیام عمل آیا تو علم و ادب سے وابستہ کئی لوگ بلوچی اکیڈمی کے ممبر بنے، جن میں میرعبداللہ جان جمالدینی، میر گُل خان نصیر،میر عاقل خان مینگل، سردار خان گشکوری، جسٹس خُدا بخش مری، صورت خان میر، میر مٹھا خان مری، عبدالحکیم بلوچ، عطاشاد، حاجی عبدالقیوم بلوچ، منیر احمدبادینی، جان محمد دشتی اور واحد بندیگ کے نام قابل ذکر ہیں۔ بلوچی اکیڈمی کو سرکار کی طرف سے بہت کم فنڈ ملتا تھا، جس کی وجہ سے بلوچی زبان و ادب کیاچھے پیمانے پر ترقی و ترویج نہیں ہوئی۔ لیکن اِس کے باوجود بہت سے شاعر اور ادیب جوش اور ولولے کے ساتھ اپنی زبان پر کام کرتے رہے۔ اور بلوچی اکیڈمی میں سینکڑوں کے حساب سے کتابیں چھپ گئیں۔

1973میں پیپلز پارٹی کے لیڈر جناب ذوالفقار علی بھٹو جب پاکستان کے وزیر اعظم بنے تو اُس نے قومی یکجہتی اور قومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائیزبانوں کو سرکاری حیثیت دینے کا اعلان کردیا اور تما م صوبوں کے وزرا ء اعلی اور ذمّہ داران کو صوبائی زبانوں کے نفاذ کا کہہ دیا، لیکن سِوائے سندھ کے کسیبھی صوبے نے اِس حوالے مثبت قدم نہیں اُٹھایا۔ بلوچستان میں اُس وقت کے وزیر اعلی سردار عطاءاللہ خان مینگل بلوچی زبان کو صوبائی زبان یا لنگوا فرانکاکی حیثیت نہ دے سکے۔۱۹۸۹ میں جب نواب اکبر خان بگٹی وزیر اعلی بنے تو اُس نے بلوچی زبان کو پرائمر ی لیول تک لازمی قرار دے دیا، لیکن ۱۹۹۰ میں نواب صاحب کے وزارت اعلی سے دست بردار ہونے کے بعدیہ پروجیکٹ دم توڑ گئی۔

سردار اختر مینگل کے دور حکومت میں بلوچی زبان کی ترقی و ترویج کے لیے کافی مثبت اقدامات اُٹھائے گئے ، بلوچی اکیڈمی کے لیے کوئٹہ شہر کے سنٹر میں عالیشان عمارت بنائی گئی، اور بلوچی اکیڈمی کے سالانہ فنڈ پانچ لاکھ سے بڑھا کر پچاس لاکھ کردئیے گئے۔ لیکن سردار اختر مینگل کے دور میں بھی بلوچی زبان کوسرکاری حیثیت نہ مل سکی۔ البتہ بلوچی زبان کالجوں میں آپشنل سبجکٹ کے طور پر پڑھائی جانے لگی۔ ۱۹۹۲ میں باقاعدہ طور پر شعبہ بلوچی کا قیام عمل میں آیا،جس میں میر عاقل خان مینگل اور عبداللہ جان جمالدینی کی بر وقت کوششوں سے بلوچی میں ایم ۔اے، ایم ۔فل اور پی ایچ ڈی کے اسکالرز پیدا ہونےلگے۔ بلوچی زبان بولنے والوں کے علاوہ بہت سے غیر ملکی مُحققین کی دلچسپی بھی بلوچی زبان کی طرف بڑھنے لگی۔ ۱۹۹۲ سے لیکر اب تک ۲۰ کے قریب ایسے غیر ملکی ماہرین لسانیات ہیں جو بلوچی لسانیات پی ۔ ایچ۔ کر چُکے ہیں۔

۲۰۰۵ سے ۲۰۱۶ بلوچی زبان کا سب سے ذیادہ پُر آشوب دور رہا ہے۔ اِن گیارہ سالوں کے دوران پروفیسر صباء دشتیاری اور بلوچ نوجوان ادیب اور شعرا کی بلوچی زبان پر خدمات قابل تحسین ہیں تو دوسری طرف ارباب اختیار کی زبان اور ادب دشمن پالسیاں بھی کم نہیں۔ ۲۰۰۵ میں پروفیسر صبا ء دشتاری نےبلوچی زبان کو اِسکولوں میں پڑھانے کے لیے ایک نصاب کمیٹی بنائی تھی، جس میں بلوچستان کے بہت سے پرائیوٹ اِسکولوں کے پرنسپلز، کالجز کے لکچررزاور جامعات کے پروفیسرز شامل تھے۔ اِس کمیٹی کا مقصد یہ تھا کہ سید ظہور شاہ اکیڈمی کراچی کے تعاون سے پرائمری سے لیکر میٹرک تک بلوچی کورس کی کتابیں ترتیب دی جائینگی اور پہلے فیز میں پرائیوٹ اِسکولوں مرتبہ نصاب لاگو کیا جائے گا۔ پروفیسر صباء دشتیاری کی ذاتی محنت اور کاوشوں سے مکران ،خاران ، نوشکی اور ضلع آواران کے پرائیوٹ اِسکولوں میں بلوچی پڑھائی جانے لگی۔ لیکن ۲۰۱۱ میں پروفیسر صباءدشتیاری شہید کردئیے گئے، جس سے بلوچیزبان و ادب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ بلوچستان کے حالات حد سے ذیادہ خراب ہوگئے، ۲۰۱۴ میں تربت شہر میں کتابوں کی دُکانوں پر چھاپے مارے گئے اور بلوچی زبان میں لکھی گئی بیشتر کتابیں ضبط کر لی گئیں اور دُکانوں کے مالکان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ جب کتابوں کی چھان بین کی گئی تو کتابیں خالصتا افسانوں کی کتابیں نکلیں۔ اِس کے بعد دُکان کے مالکان کو رہا کردیا گیا۔ ۲۰۱۴ ہی میں پرائیوٹ اِسکول ” دی اویسسز” کے پرنسپل زاہد آسکانی کو اِس لیے شہیدکردیا گیا کہ اُس نے پرائمری سے لیکر میٹرک تک بلوچی لینگوئیج کورس لازمی قرار دیا تھا۔ ۲۰۱۴ کو بلوچی زبان کے مشہور شاعر مبارک قاضی کو چھ مہینے تکاِس لیے تِہ زندان کردیا گی کہ اُس کی شاعری نوجوانوں میں وطن سے محبت کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ ۲۰۱۵ کو پنجگور کے ایک پرائیوٹ اِسکول پر نامعلوم مذہبی شدّت پسندوں نے اِس لیے حملہ کیا تھا کہ متعلقہ اِسکول میں بلوچی کی جگہ عربی کیوں نہیں پڑھائی جاتی۔

۲۰۱۶ کو گوادر میں کتابوں کی دکانوں پر چھاپا مارا گیا ، بہت سے بلوچی ماہنامے اور بلوچی کی کتابیں ضبط کر لی گئیں اور دُکانوں کے مالکان کو بھی جیل جانا پڑا، تحقیقات کے بعد کُچھ حاصل نہ ہو ا تو اُنہیں رہا کردیا گیا۔ پسنی ضلع گوادر میں بلوچی کے بُزرگ شاعر انور صاحب خان کو ایک مہینے تک شاعری کی پادش میںتہ زندان ہونا پڑا، جب جھیل سے چھوٹ گئے تو ملک چھوڑ کر ایران میں سکونت اختیار کر گئے۔ لیاقت بازار کوئٹہ میں شعبہ بلوچی، جامعہ بلوچستان کے دوطالب علم اِس لیے گرفتار ہوئے کیونکہ اُن کے ہاتھ میں بلوچی روزنامہ ”نوائے وطن” کی کاپیاں تھیں۔

جب حالات کافی سنگین ہوئے تو سینکڑوں کے حساب سے بلوچ ادیب اور شاعرملک چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے، اُن میں سے ذیادہ تر خلیجی ممالک اور یورپچلے گئے، اور وہاں اپنی ادبی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

بلوچ کلب بحرین اور بلوچی اکیڈمی ‘ بام’ مسقط عمان کافی ایکٹیو ہو گئے، جہاں ہر سال بلوچی زبان و ادب پر پرنٹ مواد کےعلاوہ بلوچی دستاویزی فلمیں اچھی تعداد میں بنتی ہیں۔ پاکستان میں بلوچی اکیڈمی کوئٹہ، بلوچستان اکیڈمی تُربت، عزّت اکیڈمی پنجگور، مُلّا فاضل اکیڈمی مَند، سید ہاشمی اکیڈمی گوادر، عطاشاداکیڈمی تُربت اور سید ہاشمی ریفرنس لائبریری کراچی سے ہر سال سینکڑوں کے حساب سے کتابیں چھپتی ہیں۔اور ایک درجن سے ذیادہ ماہنامے اور رسالےبھی چھپتے ہیں۔ مذکورہ بالا اکیڈمیوں میں سے صرف بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کو سرکاری گرانٹ ملتا ہے، جب کہ باقی تمام اکیڈمیاں عوامی کمک سے ہی چلتی ہیں۔

۲۰۱۵ میں ڈاکٹر مالک کی حکومت نے بلوچستان میں بلوچی، پشتو، سندھی ، براہوی اور ہزارگی زبانوں کی ترقی اور ترویج اور اِسکولوں پڑھانے کے لیے سرکاریسطح پر اعلان کیا، اِس وقت بلوچی کے ساتھ ساتھ پشتو، براہوی اور سندھی پرائمری لیول تک پڑھائی جا رہی ہیں۔ لیکن صوبائی اِسمبلی سے اِس کا باقاعدہ بلپاس نہیں ہوا ہے، ہو سکتاہے کہ ڈاکٹر مالک کا یہ پروجیکٹ آنے والی حکومت میں فلاپ ہو جائے، کیونکہ ارباب اِختیار اور سول سکریٹریٹ میں بیٹھے ہوئے لوگ مادری زبانوں کے حق میں نہیں ہیں، وہ اپنے بچّوں کو انگلش میڈیم اِسکولز میں پڑھانا چاہتے تو ہیں لیکن انگلش میڈیم اسکولز میں مادری زبانوں کو لازمی یاآپشنل کورس کے طور پر مُتعارف نہیں کروانا چاہتے۔

ڈاکٹر مالک بلوچ نے سندھی زبان کو بلوچستان میں پرائمری تک پڑھنے کی اِجازت تو دے دی، لیکن سندھ حکومت سے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ سندھ میں رہنےوالے کروڑوں بلوچوں کی زبان کو تحفظ دیا جائے۔ اِس وقت سندھ کی ۶۰ فیصد آبادی نسلی طور پر بلوچ ہے جن میں ۴۰ فیصد اپنی مادری زبان بلوچی بولتےہیں۔سندھ کا ہر پہلا یا دوسرا بندہ بلوچ ہی ہے، لیکن بدقسمتی سے سندھ میں اپنے ہی بلوچ سردار جاگیر دار، وڈیرہ اور صوبائی اِسمبلی میں بیٹھے نمائندے بلوچیزبان کے حق میں نہیں۔ عوام اِس پوزیشن میں نہیں ہے کہ سرداروں کے سامنے آواز اُٹھا سکے۔پچھلے دو سال سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سندھ حکومتنے منصوبے کے تحت بلوچی بولنے والوں کے شناختی کارڈز میں زبان سندھی لکھوائی ہے جس سے بلوچ شناخت اور بلوچی زبان کو حد درجہ نقصان پہنچ رہاہے۔ یہ عمل یقینا قابل تنقید ہے۔

پاکستان کی آزادی کو ۷۰ سال بیت گئے، لیکن ارباب اِختیار ابھی تک اُردو ، انگلش ، عربی اور فارسی کی کشمکش کا شکار ہیں، آج کل تو حکومت پاکستان کیطرف چینی زبان کے بھی شوشے ہوا میں گردش کررہے ہیں۔ ایک زمانے میں ہماری حکومت اور اہل قلم کو فارسی سے بہت محبت تھی ، شیخ سعدی اورحافظ شیرازی کے چرچے تھے، خطاط بڑی خوبصورتی سے لکھتے تھے کہ ” فارسی زبان شیرین است”۔ لیکن پاکستان میں جب فارسی زبان زوال پزیر ہوئی تو پارلیمان اور اِسمبلیوں میں بیٹھے” روغن خیال” ارباب اختیار نے ” پڑھو فارسی بیچو تیل” کا ضرب المثل گڑھ لیا۔

جنرل ضیا الحق کے زمانے میں عربی زبان پر توجہ دی گئی لیکن یہ زبان مدرسے کی زبان بن کر رہ گئی، اور سرکاری اِسکولوں میں چھٹی سے آٹھویں کلاس تک پڑھائی جانے لگی۔ پرائیوٹ اِسکولز اِس سے مُبرّا تھے۔

مُستقبل میں ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ انگریزی جو جرمن زبان کی اِیک بولی تھی، لیکن گردش وقت اور انگریزوں کی بروقت محنت نے اُسے بین الاقوامی زبان بنادیا۔ عربی زبان پیغمبر اِسلام کے زمانے میں حجاز و نجد میں بولی جاتی تھی، ۲ عیسوئی تک عربی زبان کا نام واضح نہیں تھا۔ عربی زبان کو ” اریبا یا عریبو’ کے نام سے جانا جاتا تھا اور یہ خانہ بدوش اور بدووں کی زبان تھی، لیکن آج عرب سامراج کی وجہ سے عربی ۲۲ ممالک کی سرکاری زبان ہے، اِسی طرح ایشیا، یورپ، افریقہ اور امریکا میں بہت سی چھوٹی زبانیں تھیں ، جن کا وجود خطرے میں تھا لیکن اُن زبانوں کے بولنے والے ، اہل قلم ، دانشور اور ارباباختیار نے مثبت اقدام اُٹھا کر اُنہیں سرکاری زبان کی حیثیت دی۔

اہل قل سے میر ا سوال ہے کہ کیا ہم اپنی پوری توانائی اِس چیز پر صرف کریں لیں کہ کب ہمارے تعلقات کسی سُپر پاور سے اچھے ہوں اور ہم اُس کیپیروی کرکے اُس کی زبان اپنا لیں۔ یا اپنی مادری زبانوں کو ‘ پنڈو’ یا عامیانہ یا غیرضروری زبانیں سمجھ کر تَرک کردیں؟ اور اگر اِس طرح ہے تو نہ ہم اپنے رہیںگے اور نہ ہی دوسروں کے۔ کیونکہ زمانے کے جبر سے دُنیا کی بڑی زبانیں بھی مرجاتی ہیں اور چھوٹی زبانیں ترقی کے مراحل میں داخل ہوکر بین الاقوامی زبانیںبن سکتی ہیں۔ ہماری حکومت کو ” دوسروں کی شادی میں عبداللہ دیوانہ” والی کہانی ختم کرکے پاکستان میں موجود ساری زبانوں کی ترقی و ترویج کے لیے کام کرنی چاہیے، جس سے نہ صرف لوگوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھ سکتی ہے، بلکہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات بھی ٹل سکتے ہیں۔

آخر میں، میں تمام ماہرین لسانیات، دانشور، اہل قلم ، شعرا، ادیب اور سرکارمیں بیٹھے ہوئے ذمہ داران سے گذارش کرتا ہوں کہ مادری زبانوں کی ترقی وترویج کے لیے سوچیں، ورنہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں موجود اقوام کے درمیان لسانی دوریاں بڑھ جائیں گی، اور یہ دوریاں بڑی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔