استاد و طالب علم کے شعوری رشتے کو عزت و احترام کے ساتھ مزید مضبوط کریں گے – بی ایس او

223

 بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین نذیر بلوچ نے کہا ہے بی ایس او تعلیمی اداروں کی فعالیت و بہتری کے لئے تمام مثبت اقدامات کی حمایت کرتی ہے استاد و شاگرد کے درمیان علم و زانت اور شعور کا رشتہ ہے ، ہم نے ہمیشہ عزت و احترام کے زریعے اس رشتے کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ تعلیمی ادارے مثبت طریقے سے فعال ہوسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کراچی کےدورے کے دوران ادارے کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ سے ملاقات میں کیا۔

انکے ہمراہ بی ایس او کے مرکزی کمیٹی کے رکن اشرف بلوچ کراچی زون کے صدر عبداللہ میر، ایاز بلوچ و دیگر تنظیمی دوست تھے ۔

وائس چانسلر سے بی ایس او کے وفد نے مختلف مسائل و یونیورسٹی میں کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔

بی ایس او کے وفد نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور طلباء و طالبات سے ملاقات بھی کی، طلباء سے بات کرتے ہوئے بی ایس او کے مرکزی چیئرمین نذیر بلوچ نے کہا کہ جدید صدی علم و زانت اور شعور کی صدی ہے بلوچ قوم کو اس جدید دور میں تاریخ کے سب سے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے موجودہ دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے بلوچ نوجوانوں کو شعور کے زریعے تعلیمی عمل کو آگے بڑھانا ہوگا تعلیمی عمل کے ساتھ طلباء کو قومی شعوری عمل کا حصہ بننا ہوگا تاکہ مثبت طریقے سے مشکلات کا مقابلہ کیا جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی ایس او لیاری سمیت تمام طلباء کا مشترکہ قومی پلیٹ فارم ہے اور بلوچ طلباء کو کسی صورت تنہاء نہیں چھوڑے گی اس موقع پر چیئرمین نذیر بلوچ سے بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل لیاری یونیورسٹی کے دوستوں نے بھی ملاقات کی ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کے یکجہتی کے لئے بی ایس او بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی اور انکی کارکردگی لائق تحسین ہے۔