کم خوراک ملنے پر کوئٹہ جیل میں قیدیوں کی بھوک ہڑتال

392

ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں سہولیات کی عدم فراہمی پر قیدیوں نے بھوک ہڑتال کردی۔

ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں قیدیوں نے کم اور ناقص خوراک ملنے پر احتجاج کیا۔ قیدیوں کا کہنا تھا کہ جیل میں 700 سے زائد قیدیوں کے لیے صرف 100 قیدیوں کا کھانا تیار کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اکثر قیدی کھانے سے محروم رہ جاتے ہیں جبکہ کھانے میں ناقص اشیاء کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

قیدیوں نے الزام لگایا کہ جیل میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ قیدیوں سے  بھاری رشوت بھی وصول کی جاتی ہے۔ وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو اور محکمہ جیل خانہ جات کے حکام اس کا نوٹس لیں۔

ڈسٹرکٹ جیل کے قیدیوں کا کہنا ہے کہ 18 نکات پر مشتمل مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔

دوسری طرف سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ سلیم ترین نے واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے سماء ٹی وی کو اپنا موقف دینے سے انکار کردیا۔