پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما محسن داوڑ، علی وزیر اور سابق سینیٹر افراسیاب خٹک کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو اسلام آباد پریس کلب کے باہر منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے کی کوریج کرنے والے صحافی خانزیب محسود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
گرفتار افراد کو تھانہ کوہسار منتقل کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں دونوں اراکین اسمبلی کو پشاور ہائی کورٹ نے شمالی وزیرستان میں فوج کی چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں ضمانت پر رہا کیا تھا۔
اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کی ایک مقامی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی ہے۔ پشتین کی گرفتاری کے خلاف پاکستان سمیت بیرونِ ممالک بھی پی ٹی ایم کے کارکن احتجاج کر رہے ہیں۔
منظور پشتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اتوار اور پیر کی درمیان شب حراست میں لیا تھا۔ ان کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کے ایک تھانے میں 21 جنوری کو ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔