نیشنل پارٹی نے معروف صحافی اور تجزیہ کار امتیاز عالم کے گھر مسلح افراد کی جانب سے گھس کر لوٹ مار کرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کامطالبہ کیا ہے۔
اپنے بیان میں ڈاکٹر مالک بلوچ صدر نیشنل پارٹی اورسیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق چھ سے سات مسلح ملزمان امتیاز عالم کے گھر کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے،ان کے سرکاری گن مین ( پولیس اہلکار ) سے بندوق چھین لی اور رسیوں سے باندھ کر فائرنگ کی، انکی بیٹی کے زیورات اور نقدی چھین لی اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔امتیاز عالم اس وقت امریکہ میں تھے۔
نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرا کے ملزمان کو بے نقاب کرے کیونکہ امتیاز عالم نہ صرف ایک سینئر صحافی ہیں بلکہ باہیں بازو کے دانشور ہیں جن کی زندگی کا مقصد پاکستان کو ایک جمہوری اور پر امن ملک بنانے میں گزری ہے ، ایسے واقعات شہر، صوبے اور ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔
نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور ذمہ دار ادارے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔