سرمچاروں کا لبادہ اوڑھ کر معصوم لوگوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ بی ایل ایف

287

بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان میجر گہرام بلوچ نے کہا ہے کہ جھاؤ واقعے میں ملوث ریاستی دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

میجر گہرام بلوچ نے میڈیا میں جاری کردہ بیان میں کہا کہ ضلع آواران کے علاقے جھاؤ میں ریاستی افواج کے متوازی دہشت گرد اور بلوچوں کے قاتل ڈیتھ اسکواڈ کے کارندے نہ صرف سماجی برائیوں میں ملوث ہیں بلکہ آج کل وہ سرمچاروں و بی ایل ایف کا نام استعمال کر کے لوٹ مار کے ساتھ دیگر برائیوں کا مرتکب ہیں۔

انہوں نے کہا ریاستی ڈیتھ سکواڈ کے کارندے مختلف علاقوں میں بلوچ سرمچاروں کا لبادہ اوڑھ کر لوگوں کی قتل سمیت دیگر سماجی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ اس کی ایک تازہ مثال تین دن قبل جھاؤ میں پیش آنے والا واقعہ ہے جب جھاؤ کے زیریں علاقے سوڑ میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کے کارندوں نے سرمچاروں کا نام اور شبیہہ استعمال کرکے ایک معصوم بلوچ نوجوان نیک سال ولد محمد سکنہ سوڑ جھل جھاؤ کو گھر میں گھس کر شہید کیا۔

میجر گہرام بلوچ نے کہا کہ ان افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے جو ریاستی پشت پناہی میں سرمچاروں کا نام استعمال کر کے لوٹ مار، منشیات کی فروخت سمیت دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ہونے کے ساتھ عام لوگوں کی قتل و غارت اور ریاستی مخبری کا کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کتنے ہی با اثر ہوں ان کا درجہ قومی غدار اور قاتل کا ہے انہیں ضرور سزا دی جائے گی۔

میجر گہرام نے کہا کہ ہم بلوچ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ایسے عناصر و فوجی قافلوں سے دور رہیں۔ سرمچار ایسے عناصر کو کسی بھی وقت کہیں پر بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔