پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے سبی میں مرکزی شاہراہ پر کاررواٸی کرتے ہوٸے جراٸم میں ملوث چھ رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، گرفتار افراد سے پاکستان آرمی سمیت مختلف محکموں کے جعلی سروس کارڈز برآمد ہوئے ہیں۔
ایس ایس پی سبی ملک فاروق فیض لہڑی نے بتایا ہے کہ مشکوک گاڑی کو روکا گیا تو اندر موجود افراد میں سے ایک نے خود کو آرمی کا میجر ظاہر کیا جبکہ دیگر نے خود کو آرمی ملازم ظاہر کیا، تلاشی لینے پر ملزمان سے پاکستان آرمی سمیت محکمہ، ایکساٸز، سی اینڈ ڈبلیو اور لیویز فورس کے جعلی سروس کارڈز برآمد ہوٸے۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمان کو حراست میں لیکر آٹھ مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
فاروق لہڑی کے مطابق جہانگیر نامی ملزم کے پاس پاکستان آرمی میجر سمیت تین مختلف محکموں کے جعلی سروس کارڈز برآمد ہوئے جبکہ ملزمان جراٸم کے غرض سے کوٸٹہ سے سندھ کی طرف جارہے تھے ملزمان میں جعلی میجر جہانگیر خان، محمد یاسین، شاہ زین، محمد عارف، عمر فاروق، کلیم اللہ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کا تعلق بلوچستان کے علاقے نوشکی سے ہے۔