دکی: کوئلہ کان حادثات میں 1 کانکن جانبحق، 5 بے ہوش

422
© UNHCR

بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کوئلہ کانوں میں دو مختلف واقعات میں زہریلی گیس بھرنے اور مٹی کا تودہ گرنے سے ایک کانکن جاں بحق جبکہ 5 کانکن بے ہوش اور زخمی ہوگئے۔

اسسٹنٹ مائنز انسپکٹر دوست محمد ناصر کے مطابق 3 گھنٹے ریسکیو آپریشن کے بعد جاں بحق اور بے ہوش کانکنوں کو کوئلہ کان سے نکال لیا گیا، جان بحق کانکن کی شناخت عبدالشافع ولد جمالدین اچکزئی سکنہ معروف افغانستان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے اور بے ہوش ہونیوالے کانکنوں میں مسعود ولد غلام دستگیر، اختر محمد ولد جانان اور اختر محمد ولد عطا محمد ساکنان افغانستان شامل ہیں۔

جان بحق اور بے ہوش افراد کو سول ہسپتال دکی منتقل کردیا گیا۔ جہاں پر ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کرکے آبائی وطن روانہ کردی گئی۔

ایک اور واقعے میں کوئلہ کان میں مٹی کا تودہ گرنے سے دو کانکن شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی کانکنوں کی شناخت ابراہیم ولد عبدالودود اور سید غفور ولد سید حبیب شاہ ساکنان افغانستان کے نام سے ہوگئی، دونوں زخمیوں کو سول ہسپتال دکی میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔