خطے کی امن خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے- پاکستان آرمی

198

  پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ  خطے میں امن خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے  کہا ایرانی جنرل کے ہلاکت کے بعد کی  کشیدگی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی اور اس معاملے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات چیت کی۔

ترجمان  نے کہا کہ آرمی چیف نے مائیک پومپیو سے کہا کہ خطہ خراب حالات سے بہتری کی جانب جا رہا ہے، کسی  ایسے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے خطے کا امن خراب ہو۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی چل رہی ہے، خطے میں مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہئے اور ڈائیلاگ سے آگے بڑھنا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان نے ہر وہ کام کیا جس سے خطے میں امن قائم ہو، افغان مصالحتی عمل کو خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہیے۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا خطہ چار دہائیوں سے امن کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کا واضح مؤقف ہے کہ خطے کے امن کو خراب کرنے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

بھارتی آرمی چیف کی پاکستان کو دھمکیوں پر ترجمان  نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف نئے ہیں اور اپنی جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔