تعلیمی و شعوری پروگراموں سے ہی تنظیم مضبوط ہوسکتا ہے۔ – سلمان بلوچ

174

بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بارکھان زون کا جنرل باڈی اجلاس زیر صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان بلوچ منعقد ہوا۔ اجلاس کے ایجنڈوں میں تعارفی نشست، تنظیمی امور و آئندہ لائحہ عمل زیر بحث رہے۔

تنظیمی امور کے ایجنڈے میں مرکزی سیکرٹری جنرل نے بارکھان زون کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی روز اوّل سے اپنے مقصد کے حصول کے لئے کوشاں ہے اور انہی مقاصد کی تکمیل کے لئے طالب علموں کو ہر طرح کی مدد و تعاون فراہم کرتی آرہی ہیں کیونکہ طالب علم تنظیموں کی مضبوطی شعوری و تربیتی پروگراموں میں پوشیدہ ہے۔ تربیت یافتہ فرد ہی مستقبل میں قوم کی تعمیر و ترقی کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

سلمان بلوچ نے بارکھان جیسے پسماندہ علاقوں کے طالب علموں کو بیساک میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارکھان میں علم کی شمعیں اس وقت روشن ہونگی جب بارکھان کے نوجوان تنظیم کے تعلیمی پروگراموں کو گھر گھر تک پہنچائیں گے اور نوجوانوں کو تعلیمی سفر میں اپنے کمک و تعاون سے اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی اہمیت و افادیت سے آگاہی فراہم کرتے رہیں گے۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ بلوچ طالب علموں کو مختلف درس گاہوں میں چیلنجز کا سامنا ہے ان چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے بلوچ طالبعلموں کی ذہنی تربیت کی ضرورت ہے تاکہ طالب علم اپنے مطالبات شعوری طریقے سے منواسکیں۔

آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے پر غور کرنے کے بعد زون حوالے مستقبل  کے پالیسیوں کو حتمی شکل دی گئی اور آخر میں صلاح مشورے سے کابینہ کی تشکیل عمل میں لائی گئی جس میں صدر سعید بلوچ، نائب صدر سلطان بلوچ، جنرل سیکرٹری، سیف الدین بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری، محمد عثمان اور صاحب جان بلوچ کو انفارمیشن سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

سلمان بلوچ نے بارکھان زون کے نومنتخب زونل عہداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں جہاں بلوچستان تعلیمی سرگرمیاں ابتر ہوتی جارہی ہیں وہاں بارکھان زون کی بڑی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ضلع میں تعلیمی و علمی پروگراموں کو وسعت دیں۔