بیلہ: ٹریفک حادثے میں بی این پی رہنماء در جان پرکانی جاں بحق، اہلیہ اور بیٹی سمیت 4 افراد زخمی

998

بلوچستان یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر و معروف ٹی وی آرٹسٹ اور بی این پی کے رہنماء درجان پرکانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے، حادثے میں ان کی اہلیہ، بیٹی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے، درجان پرکانی کی تدفین آج کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے اوتھل سے 20 کلومیٹر دور سکن کے مقام پر کار اور مزدہ ٹرک میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں بلوچستان یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر و معروف ٹی وی آرٹسٹ اور بی این پی کے رہنماء درجان پرکانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں ان کی اہلیہ شمیم بلوچ اور بیٹی نمرہ پرکانی سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر حادثے کا شکار ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کیلئے ریسکیو 1122 سینٹر منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

در جان پرکانی بی این پی کے شہید رہنماء حبیب جالب کے کزن اور بی این پی کے مرکزی رہنماء حاجی ابراہیم پرکانی، محمد اسماعیل پر کانی، مرحوم اسحاق پرکانی کے بھائی، ملک خدا بخش پرکانی، پی آر ایس پی تربت کے پروفسیر حاجی رازق پرکانی، حاجی رحمت اللہ، بی ایس او کے مرکزی جنرل سیکرٹری منیر جالب بلوچ کے چچا زاد بھائی تھے۔

مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر ادا کی جائیگی و تدفین سریاب لنک روڈ اسحاق آباد میں کی جائیگی، مرحوم کی فاتحہ خوانی سریاب روڈ نزد بی بی زیارت میر کالونی میں لی جائیگی۔

حادثے میں زخمی ہونے والی ان کی بیٹی نمرہ پرکانی نوجوان یوتھ ایکٹوسٹ کے طور پر جانے جاتے ہیں جو ’’یوتھ آرگنائزیشن ٹو اپلفٹ اینڈ ریفارم سوسائٹی‘‘ (یوَرز) کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے کام کرتی رہی ہے۔