آن لائن بدکلامی سے نمٹنے کیلئے ٹوئٹر کی نئی فیچر

165
سوشل میڈیا پر بدکلامی آئے دن بڑھتی جارہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے متعدد پلیٹ فارمز کی جانب سے نئی نئی حکمتِ عملیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔

چند روز قبل معروف فوٹو شیئرینگ ایپ انسٹاگرام کی جانب سے بھی آن لائن بدکلامی کے حوالے سے ایک نیا فیچر پیش کیا گیا تھا۔

اسی ضمن میں اب مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر نے بھی اعلان کیا ہے کہ کمپنی آن لائن بدسلوکی کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے ایک نئے فیچر کی نئی آزمائش کر ر رہی ہے۔

ٹوئٹر ترجمان کے مطابق اس آزمائش کو مکمل ہونے کے بعد صارفین کو ازخود یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنے ٹوئیٹس پر لوگوں کے ردِعمل کو کنٹرول کر سکیں گے۔

ٹوئٹر ترجمان کیون بیکپور کا لاس ویگس میں منعقدہ کانفرنس میں کہنا تھا کہ ’ہم صارفین کو مزید کنٹرول دینا چاہتے ہیں‘۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر فی الحال ابھی اس حوالے سے آزمائشی مراحل میں ہے جس مختلف آپشنز کا تجربہ کیا جا رہاہے جس کے تحت صارف کو اس کی ٹوئٹ پر آنے والے ردِ عمل کو کنٹرول کرنے کا اختیار بھی شامل ہے۔

اس فیچر کے تحت صارف اپنے پوسٹ پر کمنٹ کرنے والے افراد خود منتخب کر سکے گا  جس کے بعد اس پوسٹ پر ہر کسی کو کمنٹ کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس فیچر کو شامل کرنے کے حوالے سے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد شوبز شخصیات، سیاست دان اور دیگر شخصیات کو آن لائن بدکلامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے یہ ویب سائٹس حکمتِ عملی تیار کرنے میں سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔