کیچ/آوارن: ایک شخص بازیاب، مزید ایک لاپتہ

171

بلوچستان کے ضلع کیچ اور آواران سے گذشتہ دنوں لاپتہ کیے جانیوالے والا نوجوان بازیاب جبکہ مزید ایک شخص کو فورسز نے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فورسز نے جمعرات کی صبح ضلع کیچ کے علاقے دشت کلیرو میں گھر پر چھاپہ مارکر منیر ولد مراد بخش سکنہ کلیرو دشت نامی شخص کو حراست میں لینے کے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق اس دوران فورسز نے گھروں میں لوٹ مار کے ساتھ خواتین و بچوں کو زدوکوب کیا۔

دریں اثنا 25 نومبر کو آواران کے علاقے ہارون ڈن سے حراست میں لیے جانے جانے کے بعد لاپتہ ساجد ولد قادر بخش بازیاب ہوگئے۔

خیال رہے بازیاب ہونے والا ساجد گذشتہ دنوں گرفتار کیے جوانے والے بزرگ خاتون بی بی سکینہ کا بیٹا ہے۔ بی بی سکینہ کو 29 نومبر گھر پر چھاپے کے دوران حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کیا گیا جس کے دو دن بعد لیویز حکام نے بی بی سکینہ دیگر تین خواتین کے ہمراہ منظر عام پر لاکر ان پر بلوچ مسلح تنظیموں کے سہولت کاری کے الزامات عائد کیے تاہم بعد بی بی سکینہ کو دیگر تین گرفتار خواتین کے ہمراہ رہا کردیا گیا۔

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے ساجد کے رہائی کی تصدیق کردی ہے جبکہ تنظیم کی جانب سے 18 اکتوبر 2019 کو رئیس گوٹھ کراچی سے گشکور آواران کے رہائشی حمید ولد دلمراد، حنیف ولد دلمراد، نجیب ولد جبار، پرویز ولد جمعہ اور بہار ولد ایوب کے بازیابی کی اپیل کی گئی ہے۔

مذکورہ افراد کے لواحقین کے مطابق انہیں ریاستی اداروں نے گرفتاری کے بعد جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔