بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے معروف قانون دان کچکول علی ایڈووکیٹ کے بھانجے کو پنجگور سے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا گیا۔
فورسز نے پنجگور کے علاقے گرمکان نوک آباد سے گھر میں چھاپہ مار کر کچکول علی ایڈووکیٹ کے بھانجے امجد عرف بگوان کو گھر سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔
ریڈیو زرمبش اردو کے مطابق انہوں نے جب اس حوالے کچکول علی ایڈووکیٹ سے رابطہ کیا تو انہوں نے امجد کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امجد میرا بھانجا ہے اسے نوک آباد پنجگور کے علاقے گرمکان سے اس کے گھر سے رات گئے لاپتہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا لاپتہ امجد کا کسی قسم کی سیاسی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے اسے گرفتار کرکے اس کے موروثی حقوق اور شہری آزادیوں سے محروم کردیا گیا ہے ، جو انسانیت کے معیار اور روح ، آئین پاکستان کی شقوں اور شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی عہد نامے کے بالکل خلاف ہے، جبکہ وہ ایک آزاد نوجوان غیر سیاسی شخص ہے ، اسے بغیر کسی الزام کے زبردستی سے گرفتار کیا گیا ہے ۔