مکران سوشل ایکٹیوسٹس کی کتابیں عطیہ کرنے کی تحریک کا آغاز

366

مکران سوشل ایکٹیوسٹس کی جانب سے کتابیں عطیہ کرنے کی تحریک کا آغاز کردیا گیا۔ پہلے مرحلے میں بلوچی اکیڈمی کی تعاون سے مکران ڈویژن میں 500 کتابیں عطیہ کی گئیں۔

مکران سوشل ایکٹیوسٹس کی جانب سے مکران ڈویژن کے مختلف تعلیمی اداروں اور لائبریریوں کیلئے کتاب ڈونیٹ کرنے کی تحریک کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں بلوچی اکیڈمی کوئٹہ کی جانب سے دیئے گئے 500 سے زائد کتابیں مختلف لائبریریوں میں تقسیم کی گئیں۔ کتابیں ڈونیٹ کرنے کی تقریب سید ہاشمی پبلک ڈیجیٹل لائبریری گوادر میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں تربت یونیورٹی گوادر کیمپس، سیدہاشمی کالج گوادر، گرلزانٹر کالج گوادر اور روٹریکٹ بیچ لائبریری کو کتابیں عطیہ کی گئیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گرلز انٹر کالج گوادر کے پرنسپل میڈ م سبین بلوچ، سید ہاشمی ڈگری کالج گوادر کے پرنسپل محمد عظیم بلوچ، تربت یونیورسٹی گوادر کیمپس کے ڈپٹی کوآرڈینیٹر حفیظ مبارک، شاہداد شاد و دیگر کا کہنا تھا کہ کتاب کلچر کی فروغ سے ہی تعمیری معاشرے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ کتابیں ڈونیٹ کرنا صدقہ جاریہ ہے۔ طلباء و طالبات کورس کے علاوہ دیگر موضوعات پر کتابیں پڑھیں جس سے ان کی تخلیقی صلاحیتوں ابھر کر سامنے آئینگی۔ لائبریریوں کو آباد کرنے سے معاشرے میں پڑھنے، سوچھنے اور سمجھنے کا رجحان پیدا ہوگا۔ کتاب انسان کی بہترین دوست ہیں۔

مقررین نے مکران سوشل ایکٹیوسٹس کی کتاب دوست مہم کو سراہاتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں لائبریری کلچر اور کتابیں ڈونیٹ کرنے سے طلباء وطالبات اس جانب راغب ہونگے جبکہ معاشرے پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

اس موقع پر مکران سوشل ایکٹیوسٹس کی جانب سے تعلیمی بہتری میں کردار ادا کرنے پر گرلز کالج گوادر کے پرنسپل میڈم سبین بلوچ اور سیدہاشمی ڈگری کالج گوادر کے پرنسپل محمد عظیم بلوچ کو سرٹیفکیٹ بھی دی گئی۔

تقریب سے ایم ایس اے کے آرگنائزر بالاچ قادر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس اے کی جانب سے مکران میں لائبریری کلچر کو فروغ دینے کیلئے تحریک شروع کی گئی ہے ہماراہ مقصد معاشرے میں کتاب پڑھنے کی رجحان کو آگے بڑھانا اور نوجوانوں میں کتاب بینی کی شعور پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کتابیں عطیہ کرنے کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا ہے اس سلسلے میں بلوچی اکیڈمی کوئٹہ نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ تقریباً 500 کے قریب کتابیں بلوچی اکیڈمی کی تعاون سے ہم نے مکران کے مختلف لائبریریوں اور تعلیمی اداروں میں تقسیم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایس اے مکران کے متحرک نوجوانوں کا سماجی پلیٹ فورم ہے جس کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا اور تعلیمی و سماجی معاملات کو تلاش کرکے حکام بالا تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایس اے مختلف اکیڈمیز اور پبلشرز سے رابطے میں ہے اس ضمن میں ملنے والی کتابیں مکران کے مختلف علاقوں میں تقسیم کی جائینگی۔