بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسافر بس اور تیل لیجانے والی پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جانبحق ہوگئے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق واقعہ آج صبح پانچ بجے کے وقت مسلم باغ کے علاقے میں کان مہترزئی کے قریب پیش آیا جہاں ایرانی تیل سے بھری ڈاٹسن ڈیرہ غازی خان سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گئی۔
حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی جس میں صرف ایک شخص نے بمشکل اپنی جان بچائی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ڈیرہ غازی خان، لورالائی اور کوئٹہ سے ہیں جبکہ جانبحق افراد کی لاشوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈین این اے کے ذریعے ان کی شناخت کی جائے گی۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ حکام کے مطابق ان واقعات میں بیشتر کے وجوہات میں ڈرائیوروں کی لاپرواہی اور تیز رفتاری شامل ہیں۔