وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر بدستور برقرار ہے، گیس نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جمعرات سے شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں زیارت، قلات، مستونگ، پشین، خانوزئی میں سردی کی شدت بدستور برقرار ہے، یخ بستہ ہوائیں چلنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
کوئٹہ، قلات اور زیارت میں گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگ متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے۔
کوئٹہ کے مختلف علاقوں، سریاب، کسٹم، بلیلی، کچلاک، نواں کلی، عالمو چوک، جی او آر کالونی، غوث آباد، خلجی کالونی، مشرقی بائی پاس، ہزارگنجی سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں زیارت، کان مہترزئی، قلات، مستونگ، توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔