سی پیک کے نام پر گوادر کی مقامی آبادی کو بیدخل کیا جارہا ہے – نیشنل پارٹی

128

نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا ہے کہ سی پیک سے بلوچستان کے لوگوں کو ثمرات کی بجائے نقصان پہنچ رہاہے خصوصاً گوادر کی مقامی آبادی کو بے گھر کرنے کاسلسلہ تیز کردیاگیاگیا جس کی تازہ مثال گذشتہ دنوں تحصیلدار گوادر کی جانب سے کلانچی پاڑا کے رہائشی کو مکانات خالی کرنے کے نوٹسز ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز پارلیمانی سی پیک کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

میرکبیر نے کہاکہ کلانچی محلہ کے رہائشی 1985ء سے وہاں آباد ہیں سی پیک کے بعد گوادر کے عوام کو امید تھی کہ اب انہیں روزگار کے ساتھ زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی مگر حالات اس کے برعکس ہیں حکومت سی پیک کے حوالے سے بہت بڑے بڑے دعوے توکررہی ہے مگر بلوچستان اورگوادر کے لوگوں کے خدشات اورتحفظات آج حقیقت میں بدل چکے ہیں گوادرماسٹر پلان میں مقامی آبادی کو بے گھر کرنا قبول نہیں اسی طرح ایسٹ اورویسٹ ایکسپریس وے نے پہلے ہی ماہی گیروں کو نان شبینہ کا محتاج کررکھاہے ۔

میر کبیر نے کہا کہ سی پیک کے نام پر گوادر میں من مانیوں کاسلسلہ اب بند ہونا چاہیے ہم ترقی کے مخالف نہیں مگر یہ کیسی ترقی ہے جہاں دنیا کے لوگوں کوفائدہ دینے کیلئے مقامی آبادی کو بے گھر اور بے روزگار کیاجارہاہے دنیا میں جہاں بھی ترقی ہوئی ہے مقامی لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچایا گیا بدقسمتی سے بلوچستان دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں کے معدنیات اوروسائل سے مقامی لوگوں کی بجائے دوسروں کو فائدہ مل رہاہے جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ کمیٹی کاآئندہ اجلاس گوادر میں ہوگا جس میں عوامی شنوائی بھی ہوگی ۔