حکومت اشتہارات کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے – اے پی این ایس

174

 آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ موجودہ جمہوری طور پر منتخب حکومت اشتہارات کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے تاکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں آزاد اور معروضی آواز کو دبایا جاسکے۔

اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس 24دسمبر کو صدر اے پی این ایس جناب حمید ہارون کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اراکین نے اس امر کی نشاندہی کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اشتہاری حجم میں نہ صرف قابل ذکر کمی واقع ہوئی ہے بلکہ اشتہارات مخصوص میڈیا کو جاری کیئے جارہے ہیں جبکہ دیگر حقیقی مطبوعات کو نظر انداز کیا جارہاہے۔اے پی این ایس کے صدر نے اراکین کو آٹھویں ویج بورڈ کی کاروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا اوراسکے اختتامی اجلاسوں میں ہونے والے مباحثوں کے اہم خد وخال بیان کیئے۔

ایگزیکٹو کمیٹی نے اے پی این ایس ایوارڈز کی تقریب فروری 2020؁ء میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جس میں 23ویں جرنلسٹ ایوارڈ اور 24ویں ایڈورٹائزنگ ایوارڈحاصل کرنے والوں میں ایوارڈز تقسیم کیئے جائیں گے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے سرمد علی(سیکرٹری جنرل اے پی این ایس) کی والدہ اور بلوچستان کمیٹی کے چیئرمین جناب وسیم احمد کے بیٹے دانیال وسیم کی رحلت پر فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔