بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی ممکن نہیں – ڈاکٹر مالک بلوچ

539
فائل فوٹو

نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن کے پاس وہ تعداد نہیں جس سے وہ وزیر اعلیٰ کو گھر بھیج سکیں، موجودہ وفاقی حکومتی کی ناقص کارکردگی کی بنا پر 20 لاکھ افراد بے روزگاری کا شکار ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس سبی میں قومی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی جنرل سیکرٹری جان محمد بلیدی، نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری خیر جان بلوچ، سینیٹر و مرکزی سینئر نائب صدر کبیر محمد شہی، مرکزی خواتین سیکرٹری یاسمین بلوچ، مرکزی رہنما میر محراب خان مری، ضلعی صدر محمد ملک ظفر سلطان باگڑانی سمیت دیگر رہنما و کارکنان بھی موجود تھے۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوتا نظر نہیں آرہا کیونکہ اپوزیشن کے پاس وہ تعداد ہی نہیں جس سے وہ کامیابی حاصل کرسکیں بعض حکومتی نمائندے موجودہ وزیر اعلیٰ سے ناراض ضرور ہے مگر بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے تاہم نیشنل پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اس کے لئے تیاریاں مکمل ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے 20 لاکھ افراد بے روزگاری کا شکار ہوچکے ہے، مہنگائی، بے روزگاری سے لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

نئے سال میں عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی اور جمہوریت پسند لوگ ہے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرسکتے تاہم موجودہ حالات اور زمینی حقائق بتارہے ہیں کہ موجودہ حکومت کو لانے والے لوگ خود پریشانی میں مبتلا ہوچکے ہیں، ہوسکتا ہے کہ 2020 انتخابات کا سال ہو جائے۔

صدارتی نظام لانے کے خدشات کے حوالے سے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی صدارتی نظام حکومت کے خلاف ہے، 19 ویں ترمیم کو اگر ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت احتجاج کریں گے۔ آزادی مارچ میں ہم نے اپوزیشن کا ساتھ دیا رہبر کمیٹی کے ذریعے نیشنل پارٹی اپنے منشور کے مطابق جدوجہد میں شامل رہی، نیشنل پارٹی کو اپوزیشن میں رہنے کی سزا دی جارہی ہیں نیب آرڈینس کو سب سے پہلے ہم نے مسترد کیا پارٹی مشاورت کے بعد اس پر لائحہ عمل بھی اختیار کریں گے، مسلم لیگ ن کے ووٹ اور پارلیمنٹ کو عزت دو کے بیان پر ہم مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ڈھائی سالہ کارکردگی کو آج لوگ یاد کرتے ہیں پاکستان کے 4 سو دانشوروں نے حکومتی کارکردگی پر اپنا اظہار رائے دیا اور ہماری کارکردگی کو سراہا گیا۔ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے بلا خوف و خطر آواز بلند کی، ساحل وسائل پر مکمل اختیار، لاپتہ افراد کی بازیابی، عوامی مسئلہ مسائل کو حل کرنے کے لئے سینیٹ سمیت وفاقی و صوبائی حکومت میں جدوجہد کی بلوچستان کی ترقی عوام کی خوشحالی کے لئے نیشنل پارٹی کے کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریخ نہیں کرسکتے پارٹی قیادت کارکنان کو شعوری فکری تربیت کے مواقع کی فراہمی میں اپنا رول پلے کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی صدسالہ تقریبات کا انعقاد ممکن بنا رہی ہے جس میں پارٹی کی کارکردگی شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور پارٹی سرگرمیوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ہر گھر محلہ میں پارٹی کو فعال کرتے ہوئے کارکناں نیشنل پارٹی کا پیغام لے جائیں گے تاکہ ہم عوام کے درمیاں رہ کر عوامی مسئلہ مسائل کو حل کرسکیں۔