بلوچستان: حادثات و واقعات میں 2 افراد جانبحق، 18 زخمی

142

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں بچے سمیت دو افراد جانبحق اور 18 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کھچی کے علاقے مچھ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ویگن الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

بدھ کے روزکوئٹہ سے مچھ جانے والی ویگن تیز رفتاری کے باعث مچھ کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں ویگن میں سوار ایک ہی خاندان کے 11 افراد زخمی ہوگئے جنہیں مچھ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ مزید طبی امداد کے لئے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔

دریں اثنا مچھ ہی میں کاشف نامی شخص نے فائرنگ کر کے اپنے دوست نعیم کو شدید زخمی کردیا، زخمی کو فوری طور پر مچھ اسپتال منتقل گیا، ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا دوسری جانب متعلقہ انتظامیہ نے واقعہ سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ایک اور حادثے میں مشکاف کے قریب موٹرسائیکل اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں میں اللہ نور ولد ہزارو، رضا محمد ولد ابراھیم ساتکزئی سکنہ مشکاف شامل ہیں۔

دوسری جانب سوراب کے قریب کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر مل مدرسہ کے مقام پر مسافر کوچ کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا لیویز فورس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے کوچ کو اپنے تحویل میں لے لیا۔

صنعتی شہر حب میں پیرکس حاجی ہوٹل کے قریب کام کے دوران ڈیزل کی ٹینکی میں دھماکے سے 4 افراد زخمی ہوگئے جن کو حب کے سول اسپتال میں طبی امداد دیا گیا جبکہ اعجاز ولد نبی بخش عمر 20 کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے کراچی سول منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا حب پل کے قریب ٹریفک حادثے میں چار سالہ عبداللہ ولد عبد الرزاق جاں بحق ہوگیا جس کی نعش کو ضروری کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔